نوشکی میں ڈرون حملہ پاکستان کی سالمیت،خودمختاری پرحملہ ہے،حافظ سعید

حکمران اور سیاستدان مناسب جواب دینے کی بجائے پارلیمنٹ، سڑکوں ،گلیوں بازاروں میں اقتدار اور مفادات کی جنگ میں مصروف ایک دوسرے کی ٹانگیں کھنچنے رہے ہیں،نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 27 مئی 2016 21:45

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں حالیہ امریکی ڈروان حملہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پرحملہ ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے اور انہوں نے اس حملے کی محض رسمی مذمت کی ہے ، ایک جانب امریکی صدر بارک اوبامہ پاکستان پر مستقبل میں ایسے مزید ڈرون حملے کی کھلم کھلا ف دھمکیاں دے رہا ہے تو دوسری جانب ہمارے حکمران اور سیاستدان مناسب جواب دینے کی بجائے پارلیمنٹ، سڑکوں اور گلیوں بازاروں میں اپنے اقتدار اور مفادات کی جنگ میں مصروف ایک دوسرے کی ٹانگیں کھنچنے میں لگے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت الدعوة پاکستان حافظ محمد سعید نے گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین کی گراونڈ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے حکمران اللہ تعالیٰ کی مدد اور قرآن سنت کی رہنمائی پر انحصار کرنے کی بجائے امریکہ کی غلامی کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم محمد انوز شریف کو یہ دعوت دی تھی کہ وہ امریکہ کی نوکری کرنے کی بجائے قرآن و سنت سے رجوع کریں کیونکہ قرآن میں نماز اور دیگر عبادت کے علاوہ سیاست ، معیشت اور تجارت سمیت تمام نظاموں کے حوالے سے جامع رہنمائی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہماری دعوت اسلئے قبول نہیں کی کیونکہ وہ امریکہ کی ناراضگی مول نہیں لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بیس کروڑ پاکستانی عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے لہٰذا انہیں امریکہ سمیت کسی بھی دنیاوی طاقت سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسکی خلیف مغربی طاقتوں کی جانب سے پاکستان کو دھمکانے کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ یہ کہ وہ ہمارے غیر روایتی جوہری ہتھیاروں سے حائف ہیں اور کسی نہ کسی طرح انکا خاتمہ کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے اور نعرے جھوٹ کا پلندہ ہیں اور وقت گزارنے کا ایک بہانہ ہیں کیونکہ2018 کے بعد یہ حکمران نہیں ہونگے اور نہ ہی کسی کو جواب دہ ہونگے۔ انہوں نے وفاقی وزیر و پانی خواجہ محمد آصف کو مخاطب کرکے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا واحد حل کشمیر کی آزادمی میں چھپا ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر آزاد ہونے کی صورت میں پاکستان میں بجلی کی وافر پیدوار کی بدولت بجلی عوام کو انتہائی سستے داموں جبکہ صنعتکاروں اور کسانوں کو بالکل مفت فراہم ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی نے انہیں ٹیلی فون پر بتایا ہے کہ خود مختار کشمیر کی تحریک دم توڑ چکی ہے اور آئندہ مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی کی وہی تحریک کامیاب ہو گی جو پاکستانی پرچم بردار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دو روز بعد اسلام آباد میں مذہبی اور مسلکی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مختلف جماعتیں کا کنونشن منعقد ہوگا جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیکر آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔ نماز جمعہ کے بعدحافظ محمد سعید کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہوجانے والے احمد شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔