مولانا فضل الرحمن حکومت نہیں نظام کے ساتھ کھڑے ہیں،حافظ حسین احمد

بلوچستان میں ڈرون حملہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف سازش کاحصہ ہے، مرکزی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی کی پریس کانفرنس

جمعہ 27 مئی 2016 21:45

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا اونٹ کسی کروٹ بیٹھنے کی بجائے جلد لیٹنے والا ہے،مولانا فضل الرحمن حکومت کے نہیں نظام کے ساتھ کھڑے ہیں، بلوچستان میں ہونے والا ڈرون حملہ دراصل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازش کا حصہ ہے ، حکومت کو چاہئیے کہ وہ ملکی خود مختیاری کے خلاف ورزی پر امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک بدر کر دے ، وہ گذشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں مدرسہ دارالافتا میں پریس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مقامی رہنما مولانا جمال عبدالناصر ، ملک فیض محمد ایڈوکیٹ ، قاری محمد اسماعیل ، قاری محمد راشد کے علاوہ دیگر کارکنان بھی موجود تھے ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ پانامہ لیکس میں سب کے پاجامے لیک ہو گئے ہیں اور پانامہ لیک میں کسی ایک مذہبی سیاسی جماعت کے رہنما کا نام شامل نہیں یہ ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو مولوی کی طرف انگلی اٹھاتے ہیں ، ہم مدارس پر چھاپوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن حکومت کے نہیں نظام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر کسی بھی غیر جمہوری تبدیلی کی کوشش کی گئی تو جے یو ایف بھرپور مزاحمت کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی خطرناک دوراہے پر آکھڑا ہے اور پاکستان کی سرحدوں پر ہمسائیہ ممالک کی جانب سے جو انداز اپنا یا جارہا ہے وہ ہماری ناکام خارجہ پالیسی کی دلیل ہے جمعیت علماء اسلام نے شروع سے ہی امریکی مفادات کیلئے تعاون کرنے پر احتجاج کیا تھا لیکن حکومت کی امریکہ کے ساتھ تعاون کے مضر اثرات سے پوری قوم ہل چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے امریکہ کو قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی چپکے سے اجازت دی تھی لیکن اب یہ سلسلے معاملہ بلوچستان کے شہری آبادی جیسے حساس علاقوں میں شروع ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی دھماکہ چاغی میں کیا تھا اب امریکہ کی طرف سے ہونے والا حملہ بھی اسی پہاڑ کے دامن میں کیا گیا ہے جس میں میرے حلقہ سے تعلق رکھنے والا ایک غریب محنت کش محمد اعظم بے گناہ مارا گیا ہے ، اور اس کی ایف آئی آر وزیر اعظم میاں نواز شریف ، وزیر داخلہ اور امریکہ کے صدر اوبا ما کے خلاف ہونی چاہئے ، بلوچستان کے عوام اس حملہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں حافظ حسین احمد نے کہا کہ خود احتسابی کا عمل سب کے ساتھ بلا امتیاز طور پر ہونا چاہئے اس میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی دو بیساکھیوں سرتاج عزیز اور طارق عزیز کے بل بوتے پر چل رہی ہیں جو کہ دونوں ریٹائرڈ شدہ ہیں اور طارق فاطمی کی بیٹی امریکہ میں قیام پذیر ہے ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی حکومتیں گرانے کی کوشش کی گئی تو جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ جمہوریت او ر سسٹم کا ساتھ دیا ہم مارشل لاء کے خلاف ہیں اور نظام کے ساتھ ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوری انداز میں تبدیلی آنی چاہئے ۔