پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں جنرل کیڈر ڈاکٹر زکی ترقی کیلئے لازمی تربیتی کورس اختتام پذیر

جمعہ 27 مئی 2016 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں گزشتہ روزجنرل کیڈر ڈاکٹر زکی ترقی کیلئے لازمی تربیتی کورس اختتام پذیر ہوگیا جس میں صوبہ بھر کے 24جنرل کیڈر ڈاکٹرز اور ڈینٹل سرجنز نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ محمد زبیر تھے اس موقع پر ڈائریکٹر پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر خالد لطیف بنگش اور پی ایچ ایس اے کی دیگر منیجمنٹ بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی صوبہ بھر کے انتظامی و جنرل کیڈر ڈاکٹرز کی ترقی کیلئے لازمی تربیتی کورسز کا اہتمام کرتا ہے گزشتہ روز اسی سلسلے میں ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ محمد زبیر نے جنرل کیڈر ڈاکٹر بی پی ایس 17کو گریڈ 18میں ترقی کیلئے لازمی تربیتی کورس کے آخری دن اہم سیشن سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زیر تربیت ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ایک بہترین ادارہ ہے یہ ادارہ محکمہ صحت کی بہتری کیلئے بے مثال کردار ادا کررہا ہے اور محکمے کے انتظامی و جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں کو اعلیٰ تربیت فراہم کررہا ہے جس سے ہمارے محکمہ صحت میں کافی بہتری آئے گی۔

انہوں نے تربیتی کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایس اے میں دی جانے والی اہم تربیت محکمہ صحت کی اصلاح اور بہتری کیلئے ایک اہم قدم ہے اور یہ تبھی کامیاب ہوگی جب آپ اپنے عہدوں پر اس کورس میں سکھائے گئے انتظامی امور کو عملاً نافذ کریں اور عوام کو فائدہ پہنچائیں کیونکہ عوام کی فلاح و بہبود اور محکمہ صحت سے متعلق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہی ہمارا مشن ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ محمد زبیر نے ڈائریکٹر پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر خالد لطیف بنگش کے ہمراہ تربیت مکمل کرنے والے ڈاکٹرز میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔یاد رہے کہ محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا نے محکمے میں انتظامی امور کی بہتری اور ترقی کیلئے مختلف تربیتی کورسز کے انعقاد کی ذمہ داری پی ایچ ایس اے کو سونپی ہے۔

متعلقہ عنوان :