ڈرون حملوں کیخلاف جماعۃ الدعوۃ اوردیگر مذہبی جماعتوں کا یوم احتجاج،خطبات جمعہ میں مذ متی قراردادیں منظور

جمعہ 27 مئی 2016 21:33

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء ) ڈرون حملوں کیخلاف جماعۃ الدعوۃ اوردیگر مذہبی جماعتوں نے جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔خطبات جمعہ میں مذ متی قراردادیں منظور کی گئیں۔ملتان میں جماعۃالدعوۃ کی جانب سے ضلعی دفتر مرکز ابن باز سے چوک رشید آباد تک ڈرون حملوں کے خلاف ریلی نکالی گئی اور چوک رشید آباد پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، ،ڈرون حملوں کو بند کرو اس طرح کی تحریریں درج تھیں۔مظاہرین نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔مظاہرے کی قیادت ضلعی مسؤل جماعت الدعوۃ ملتان میاں سہیل احمد نے کی۔اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے میاں سہیل احمد مسؤل جماعت الدعوۃ ضلع ملتان ،تحصیل نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شاہد لودھی ،عبدالحلیم خان،عبدالرحمان سیاف،مفتی زبیر ودیگر کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملوں سے ملک کا امن و سکون برباد ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرون حملے پاکستانی سالمیت اور خودداری کے خلاف ہیں۔امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کے بعد پاکستان میں ڈرون حملے کر رہا ہے اور اس کا مقصد صرف اس خطہ میں جنگ جاری رکھنا ہے۔جب افغانستان میں قیام امن کی کوششیں ہو رہی تھیں تو ایسے وقت میں امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے اپنی حقیقت واضح کر دی ہے اور کھل کر پوری دنیا کے سامنے آگیا ہے۔اپنے خطاب کے دوران میاں سہیل احمد کا کہنا تھا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ڈرون حملے ملک عزیز کی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ ہیں۔پاکستانی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ اور انڈیا کے مذموم عزائم کو پوری دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں کھلا اعلان جنگ ہیں۔ہم وطن عزیز کے دفاع کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کر کے ملک گیر تحریک چلائیں گے۔پوری پاکستانی قوم ڈرون حملوں کی مذمت کرتی ہے اور اپنے وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی حدود میں کسی قسم کی مداخلت گوارا نہیں کرے گی۔

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ،انڈیا کا آپس میں معاشقہ چل رہا ہے ۔جس کے ذریعے سے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ایک طرف پاک فوج امن و امان کے لیے جنگ لڑ رہی ہے تو دوسری طرف امریکہ پاکستان پر ڈرون حملے کر کے دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔امت مسلمہ اس وقت سخت امتحان اور آزمائشوں سے دوچار ہے لیکن مایوس و پریشان ہونا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :