پانامہ لیکس کی کھربوں روپے کی کرپشن پر حکومت اور اپوزیشن کا مک مکا ہو چکا ہے،عدنان رندھاوا

جمعہ 27 مئی 2016 20:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) عام آدمی پارٹی پاکستان کے چئیرمین عدنا ن رندھاوا نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پانامہ لیکس پر تحقیقات کیلئے بننے والے ٹی او آرز کمیٹی اور اسکے ان کیمرہ اجلاسوں کو ایک ڈھونگ قرار دیا ۔ حکومت اور اپوزیشن کی ساری بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن، پی پی اور تحریک انصاف کی قیادت خودخفیہ آفشور کمپنیوں کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت اور ٹیکس چوری کے پیسے کو چھپانے کیلئے کئی عشروں سے استعمال کرتی آئی ہے۔

اسلئے ان پارٹیوں سے پانامہ لیکس پر کوئی بامعنی تحقیق کی توقع رکھنا عام آدمی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف، بینطیر بھٹو، عمران خان کی آفشورکمپنیاں سامنے آنے کے بعد ٹی او آرز طے کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ ایسے ٹی او آرز بنائے جائیں جن سے سے اشرافیہ کی لوٹی ہوئی کھربوں روپے کی دولت کو بچایا جائے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی جانب سے تحقیقات سے نواز شریف کا نام نکالنا حکومت اور اپوزیشن کے مک مکا کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ عمران خان جو اسٹبلشمنٹ کی ایماء پر مسلم لیگ اور پی پی کو مک مکا کا طعنہ دیتے رہے ہیں اپنی خفیہ بے نامی آفشور کمپنی اور اثاثے سامنے آنے پر مسلم لیگ اور پی پی کے ساتھ بدترین مک مکا کر چکے ہیں۔ عام آدمی کو سمجھنا ہو گا کہ اشرافیہ کی بنائی ہوئی یہ ساری سیاسی جماعتیں دراصل ایک دوسرے کے مفادات اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دینے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

اس وقت ملک و قوم کو ایک حقیقی عوامی سیاسی جماعت کی اشد ضروری ہے جو عام آدمی کے سیاسی و معاشی حقوق کاتحفظ کر سکے اور کرپٹ اور نااہل اشرافیہ کو اسکے انجا م تک پہنچا سکے۔ ہم عام آدمی کی مد د سے عوامی اقتدار کا انقلاب لا کر دم لینگے۔عدنان رندھاوا نے ان خیالات کا اظہار مرکزی دفتر سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کیا۔