جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پرڈرون حملوں اور امریکی دھمکیوں کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج

خطبات جمعہ میں امریکی ڈرون حملوں اور بھارتی دہشت گردی موضوع ، مذمتی قراردادیں منظور ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں ،امریکی دھمکی و ڈرون حملوں کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کیلئے پیرکو اسلام آباد میں جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہو گا،امریکی دھمکی پاکستان کے خلاف امریکہ کا اعلان جنگ ہے،حکومت کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے ، امریکی سفیر کو فوری ملک بد رکر نا چاہئے، پروفیسر محمد سعید، مولانا سمیع الحق، عبدالرحمن مکی اوردیگر کا خطاب

جمعہ 27 مئی 2016 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پرڈرون حملوں اور امریکی دھمکیوں کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔لاہور، گوجرانوالہ،اسلام آباد، پشاور، ملتان، کراچی، حیدرآباد، میر پور خاص اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورریلیاں نکالی گئیں۔نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ڈرون حملوں کے خلاف اپنے شدید جذبات کا اظہار کیا۔

شرکاء کی جانب سے امریکہ ، بھارت اور نیٹو فورسز کے خلاف سخت نعرے بازی کی جاتی رہی۔جماعۃالدعوۃ کی اپیل پر علماء کرام،آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں امریکی ڈرون حملوں اور بھارتی دہشت گردی کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور عوام الناس کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید، مولانا سمیع الحق، حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری، مولانا امیر حمزہ و دیگر نے کہا ہے کہ امریکی صدر اوباما کی پاکستان میں ڈرون حملوں کی دھمکی واضح پیغام ہے کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ٹارگٹ کرنا چاہتا ہے۔

ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں۔امریکی دھمکی و ڈرون حملوں کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لئے 30مئی کو اسلام آباد میں جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہو گا۔امریکی دھمکی پاکستان کے خلاف امریکہ کا اعلان جنگ ہے۔حکومت کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے اور امریکہ کے سفیر کو فی الفور ملک بد رکر نا چاہئے تا کہ دنیا کو پتہ چلے پاکستانی غیرتمند قوم ہیں۔

دشمن کے سامنے ڈٹ جانے سے مسائل بھی ختم ہوں گے اور پاکستانی قوم بھی آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ایران انڈیاکے چاہ بہار معاہدے سے پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے۔امریکا نے انڈیا کی تابعداری کی وجہ سے پاکستان کو ایف سولہ طیارے نہیں دیئے۔جماعۃالدعوۃ پاکستان کی طرف سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں چوبرجی چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں طلباء، وکلاء، تاجروں اورسول سوسائٹی سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرڈرون حملوں اور امریکہ و نیٹو مخالف تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اﷲ خالد،جمیل احمد فیضی ایڈووکیٹ، ابوالہاشم ربانی، مولانا ادریس فاروقی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کہ ڈرون حملے روکنے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے۔

نوجوانوں پر شہری دفاع کی تربیت لازمی قرار دی جائے تاکہ وہ وطن عزیز پاکستان کی سالمیت و تحفظ کیلئے کردار اد اکرسکیں۔حکومت امریکہ کو واضح پیغام دے کہ پاکستانی سرحدوں پر ڈرون حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی سالمیت کے مسئلہ پر کمزور پالیسیاں اختیار نہیں کرنی چاہئیں۔ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو تحفظ کریں گے۔

مسلم امہ متحد و بیدار ہے۔شہر شہر جاکر پوری قوم کو متحدکریں گے اور ملک گیر سطح پر بھرپور تحریک چلائیں گے۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے خادم علی روڈ سیالکوٹ میں مقامی کالج کی گراؤنڈ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ پاکستان کو اپنی کالونی بنانا چاہتا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا جس کی وجہ سے امریکی دشمنی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے۔

وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔30مئی کو اسلام آباد ہونے والی سربراہی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ امریکی دھمکی اعلان جنگ ہے۔ امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔اس موقع پر ہزاروں افراد نے ان کی امامت میں نماز جمعہ اد اکی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اوبامہ کی دھمکیوں سے امریکہ کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

امریکہ و انڈیا میں معاہدے ہو رہے ہیں اورامریکا انڈیا کی تابعداری پر مجبور ہو چکا ہے۔انڈیا کی پاکستان دشمنی امریکی پالسییوں میں بھی نظر آ رہی ہے۔یہی وجہ سے کے امریکہ نے قیمت لینے کے باوجود ایف سولہ طیارے پاکستان کو نہیں دیئے۔انہوں نے کہا کہ ایران برادر اسلامی ملک ہے۔ اسے انڈیا کے ساتھ معاہدوں سے قبل پاکستان انڈیا دشمنی کو بھی دیکھنا چاہئے تھا۔

چاہ بہار معاہدہ گوادر کو ناکام بنانے کے لئے کیا گیایہ درست نہیں ۔اس سے پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن سمیت کراچی،بلوچستان سے سینکڑوں را کے ایجنٹ گرفتار ہو چکے ہیں۔لیکن حکومت خاموش ہے۔یہ مسئلے کا حل نہیں۔حکومت و اپوزیشن میں شامل جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنائیں۔جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیزپاکستان میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈرون حملے روکنا انتہائی ضروری ہے۔

افغانستان میں قیام امن کی فضا سبوتاژ کرنے کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت ڈرون حملے کئے گئے۔ امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کی ایجنسیاں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ملوث ہیں۔دفاع کے مسئلہ پرسب کو ایک موقف اختیار کرنا چاہیے۔ امریکی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔اسلام آباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعۃالدعوۃ کی طرف سے مرکز قباآئی ایٹ مرکز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں زندگی کے تمام شعبہ جات اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرجماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، شفیق الرحمن ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ پاکستان کا اتحادی نہیں ہے بلکہ اس نے ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستان کے خلا ف غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ حکومت پاکستان کو ان حملوں پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے ۔ محض زبانی احتجاج کافی نہیں ہے اس سلسلہ میں دنیا کے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔

کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خالد بن ولید روڈ سی سی ایس ایچ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت تمامتر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرشرکاء نے سخت نعرے بازی کی۔ جماعۃالدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے اورپاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملوں کسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

جماعۃالدعوۃ کی طرف سے گوجرانوالہ میں ٹینکی والی گراؤنڈ صغیر شہید پارک نوشہرہ روڈ پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ اور جماعۃالدعوۃ گوجرانوالہ کے مسؤل مولانا رمضان منظور نے خطاب کیااور کہا کہ امریکی صدر اوباما کے ڈرون حملے جاری رکھنے کی دھمکیوں کے بعد بھی اگر ڈرون نہیں گرائے جاتے تو یہ قومی سطح پر غفلت ہو گی۔

امریکہ ڈرون حملے منظم منصوبہ بندی کے تحت کر رہا ہے تاکہ اس کے ردعمل میں خودکش حملے ہوں اور تخریب کاری کا سلسلہ پروان چڑھے۔ ہمیں بیرونی قوتوں کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے۔سیاسی، مذہبی وسماجی جماعتوں کے قائدین اور علماء کرام کو چاہیے کہ وہ قوم کی رہنمائی کریں اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیاجائے۔جماعۃالدعوۃ کی جانب سے ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں یوم احتجاج منایا گیا۔

ملتان ، رحیم یار خاں ،بہاولپور، چیچہ وطنی و دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ملتان میں چوک رشید آباد ہونے والے احتجاجی مظاہرہ سے میاں سہیل احمد ودیگر نے خطاب کیا۔ حیدر آباد ، میر پور خاص، پشاور، کوئٹہ اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔اسی طرح جماعۃالدعوۃ کی طرف سے قصور، کھڈیاں، جہلم، راولپنڈی، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ، ڈیرہ اسماعیل خاں، صادق آباد، مظفر گڑھ، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا ، تلہ گنگ ،سکھر، نواب شاہ، بدین، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پورو دیگر شہروں و علاقوں میں بھی مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کئے گئے اور خطبات جمعہ میں امریکی دھمکیوں او رڈرون حملوں کو موضوع بنایا گیا۔

جماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال،حافظ عبدالغفار المدنی،مفتی عبدالرحمن عابد، مولانا شمشاد احمد سلفی، انجینئر نوید قمر، مولانا غلام قادرسبحانی، حافظ محمد مسعود،حافظ عبدالرؤف، حافظ طلحہ سعید، مولانا محمد یوسف طیبی، حافظ عبدالغفار،خالد سیف الاسلام، انجینئر محمد حارث، مولانا بشیر احمد خاکی، قاری گلزار احمد، مولانا محمد قاسم ، فیاض احمد ، عبداﷲ احمد، علی عمران شاہین و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں ڈرون حملوں کیخلاف منعقدہ مظاہروں اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈرون حملوں کا معاملہ انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ امریکہ کو مضبوط پیغام دیا جائے کہ ہم ڈرون حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔