سی پی او کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر مزید 1240 کیمروں کی مدد سے کراچی کی نگرانی کرے گا

جمعہ 27 مئی 2016 20:25

کراچی ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) کراچی کے شہریوں کو بہتر سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو سی پی او آفس میں پہلے سے قائم شدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کردیا گیا۔ اس کے نتیجے میں سوک سینٹر کنٹرول روم کی زیر نگرانی 1240 سی سی ٹی وی کیمروں کے لنکس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی اوکو فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ مزید علاقوں کی سیکورٹی کو موثر بنایا جاسکے۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمانڈنٹ اسپیشل سیکورٹی یونٹ مقصود احمد نے کہا ہے کہ نئے انتظامات کے تحت پورے کراچی کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سی پی او کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تحت ایک چھتری تلے لایا گیا ہے جبکہ سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر معمول کے مطابق کام کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

نئے انتظامات کے نتیجے میں قانون شکن ،جرائم پیشہ خاص طور پر سڑکوں پر لوٹ مار کرنے والوں کی تلاش اور انکے فرار کے راستوں کی موثر نگرانی کرتے ہوئے ان کو گرفتار کرنے میں مددگار ثابت ہونگے۔

اس کے علاوہ کراچی میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے اور بہتر و مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ہائی ریزولیوشن سی سی ٹی وی کیمروں میں اضافے کے لئے کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر موٴثر کیمروں کو بہتر طور پر استعمال میں لانے کیلئے اور دیگر نقائص کو دور کرنے کے لئے کوششیں کی جاری ہیں۔ پہلے سے فراہم کردہ کیمروں کی دیکھ بھال سے متعلق سی پی او کی جانب سے ان کی تعداد اور معیار پر غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :