پاک چین اقتصادی راہدری منصوبوں سے صوبائی سطح پر فوائد حاصل کرنے کی حکمت عملی سے آگاہی کے لئے سندھ انویسٹمنٹ بورڈ کا اجلاس

جمعہ 27 مئی 2016 20:21

کراچی ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) پاک چین اقتصادی راہدری منصوبوں سے صوبائی سطح پر فوائد حاصل کرنے کی حکمت علمی سے آگاہی کے لئے سندھ انویسٹمنٹ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرپرسن سندھ انویسٹمنٹ بورڈ ناہید میمن نے کی۔ اجلاس میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک سید سلیم رضا، پلاننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر صفدر سہیل، پاکستان بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان ملک،کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد سعید، ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر ناصر افغان، فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹر ی، پورٹ قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز، تجارتی و تعلیمی اداروں کے نمائندوں، صنعتکاروں، تاجروں اور سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر ناہید میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے تمام مواقعوں اور امکانات میں نجی شعبے کوساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے اور اس فورم کے انعقاد کا مقصد بھی حکومت کی پالیسیوں سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نجی اور دیگر شعبوں کی قیمتی آراء سے استفادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زرعی پیداوار کی ویلو ایڈیشن اور برآٓمدا ت کو بڑھانے کے لئے اقدامات، تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو سی پیک منصوبے سے منسلک کر کے تیزی سے آگے بڑھانا حکومت کا مطمح نظر ہے۔

اجلا س میں کراچی بند رگاہ اور پورٹ قاسم سمیت کیٹی بندر ترقی پر خصوصی زور دیا گیا۔ چیئرپرسن ایس بی آئی نے بتایا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے اور کیٹی بندر منصوبے کو بھی سی پیک میں شامل ہونا چاہیئے اور آج کے اس فورم کے ذریعے سندھ حکومت اپنی بات وفاق تک پہنچائے گی۔ اجلاس میں شریک مندوبین نے اسپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل پارکس میں زمین کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا جبکہ اسمال میڈیم انٹر پرائز، تعلیم، صحت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سی پیک منصوبے سے کیسے فائدہ لیا جاسکتا ہے اس بار ے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :