3 جون تک تمام اضلاع میں تمام رمضان بازار ہر صورت میں فعال ہونے چاہئیں‘عبداﷲ خان سنبل

61 رمضان بازاروں اور سینکڑوں مدنی دستر خوانوں کے لیے سیکورٹی انتظامات کے علاوہ صفائی کا انتہائی اعلیٰ انتظام ہونا چاہیے رمضان بازاروں میں قائم شکایات سیل کے علاوہ تمام اضلاع ایک رابطہ نمبر شہریوں کو ضرور دیں ‘کمشنر لاہور ڈویژن کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 27 مئی 2016 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ 3 جون تک تمام اضلاع میں تمام رمضان بازار ہر صورت فعال ہونے چاہئیں، پرائس مجسٹریٹوں کی تعداد میں اضافہ کرکے اوپن مارکیٹوں میں قیمتوں کی چیکنگ رمضان المبارک سے پہلے ہی بڑے پیمانے پر شروع کر دی جائے،لاہور ڈویژن میں قائم کیے جانے والے 61 رمضان بازاروں اور سینکڑوں مدنی دستر خوانوں کے لیے سیکورٹی انتظامات کے علاوہ صفائی کا انتہائی اعلیٰ انتظام ہونا چاہیے،دیگر ایجنسیوں کے علاوہ اضلاع اپنے طور پر غیر جانبدار تھرڈ پارٹی کے ذریعے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے معیار، دستیابی، قیمتوں اور اوزان کے حوالے سے ضرور چیکنگ کرائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے فعال ہونے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار کی کمشنر آفس ترسیل پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور رمضان بازاروں میں قائم شکایات سیل کے علاوہ تمام اضلاع ایک رابطہ نمبر شہریوں کو ضرور دیں اور روزانہ کی بنیاد پر شکایات کے اندراج اور ازالہ کے بارے میں مانیٹرنگ کرائیں،امسال کے ابتدائی چھ مہینوں میں لاہور ڈویژن میں 12351 ناجائز منافع خور گرفتار جبکہ تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کی نگرانی کرے گی جبکہ لاہور میں تمام رمضان بازاروں میں ڈیجیٹل کاؤنٹر واک تھرو گیٹ نصب ہوں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار رمضان بازاروں اور رمضان پیکج و پرائس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، تمام ڈی سی اوز، تمام ڈی پی اوز، محکمہ خوراک، زراعت ، انڈسٹریز، لائیو اسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں رمضان بازار و مدنی دسترخوان بالترتیب 31 اور 275، شیخوپورہ 12 اور 28، ننکانہ صاحب 6 اور 20 اور ضلع قصور میں 12 رمضان بازار اور 57 مدنی دستر خوان قائم کیے جائیں گے۔ ڈی سی او لاہور نے کہا کہ لاہور میں دستر خوانوں کی تعداد میں ابھی کافی اضافہ کیا جائے گا جبکہ لاہور میں چار تا پانچ رمضان بازار کے لیے مارکی میں سنٹرلی اے سی بھی نصب کیے جائیں گے۔

اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ 10 کلو کے آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ کی نسبت سبسڈی کے تحت تقریباً 150 روپے سستا مہیا ہوگا اور مرغیوں کے انڈے فی درجن 5 روپے، چکن 10 روپے فی کلو کی کمی کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، رمضان بازاروں کے لیے سیکورٹی منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں پولیس، سول ڈیفنس کے اہلکار تعینات ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :