پانامالیکس پر عدالتی کمیشن کو تحقیق کرنے اور سزا دینے کا اختیار دیا جائے ۔سینیٹر سراج الحق

سی پیک کے اعلان کے بعد ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے نواز شریف ناکام ہو چکے ہیں،حکمران عوام کے تحفظ کی بجائے اپنے مفادات کو مستحکم کر رہے ہیں،پاکستان کے قومی ادارے روز بروز خسارے میں جا رہے ہیں، عوام کے اصل دشمن وہ استحصالی عناصر ہیں جو کرپشن کر رہے ہیں۔امیرجماعت اسلامی کا ٹرین مارچ کے تیسرے روز روہڑی و دیگر ریلوے اسٹیشنز پر خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 مئی 2016 20:10

پانامالیکس پر عدالتی کمیشن کو تحقیق کرنے اور سزا دینے کا اختیار دیا ..

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27مئی۔2016ء) : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ حکومتیں اپنی مدت پوری کریں لیکن صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے اپنے کیے وعدوں کی پاسداری نہیں کی اور عوام کو سخت مایوس کیاہے۔ حکمران عوام کے تحفظ کے بجائے اپنے مفادات کو مستحکم کر رہے ہیں ، عوام حکمرانوں سے دریافت کرتے ہیں کہ پاکستان کے قومی ادارے روز بروز خسارے میں جا رہے ہیں، ان کے تجارتی ادارے کیسے ترقی پر گامزن ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے تیسرے اورآخری مرحلہ کے آغاز پرروہڑی خیرپور ،پڈعیدن ، نواب شاہ حیدر آباد و دیگر ریلوے اسٹیشنز پر بڑے استقبالی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسوں سے لیاقت بلوچ، اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ممتاز حسین سہتو، عبدالحفیظ بجارانی،مولانا حزب اللہ جکھرو، ناظم صوبہ سندھ جمعیت صلاح الدین ، پریم یونین کے رہنماء حافظ سلمان بٹ ، خیرمحمدتنیوسمیت دیگر رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں تمام منافع حکمرانوں کے لیے اور خسارے غریب عوام کی قسمت میں ہیں،پاکستان کے تمام قومی ادارے ریلوے پی آئی اے اسٹیل ملز ، واپڈا سب خسارے میں ہیں اور خسارے کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں، ٹیکسوں میں اضافہ ہو رہا ہے ایک جانب لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ دوسری جانب واپڈا والے بڑے بڑے بل بھیج رہے ہیں، آج سے دس برس قبل 354 یونٹ بجلی کے صارفین بارہ تیرہ سوروپے ادا کرتے تھے آج 345 یونٹ استعمال کرنے والوں کوپانچ ہزار سات سو بہتر روپے ادا کرنا ہوتے ہیں،آج مزدور کی تنخواہ بارہ سے پندرہ ہزار روپے ہے میں وزیر خزانہ سے پوچھتا ہوں کہ وہ دس ہزار میں ایک گھرانے کابجٹ بنا کر دکھائیں،تمہارے گھوڑے کتے ائر کنڈیشن میں اور غریب عوام کے بچے فٹ پاتھوں پر گندگی کے ڈھیر میں رزق تلاش کرتے ہیں،انہوں نے کہا غریب لوگوں کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو 67 برس گزر گئے پاکستان کے عوام کو غریب تر بنا دیا گیا ہے اور پاکستان کی اشرافیہ امیر تر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے امیر اراکین کی تنخواہ میں چند منٹوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا جاتا ہے جبکہ غریب کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں ہے ۔ اسکول ہیں استاد نہیں ، ہسپتالوں میں ادویات نہیں ، ہر جگہ وی آئی پیز پروٹوکول ہے۔

انھوں نے کہاکہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اتنا اضافہ کیا جائے جتنا ارکان اسمبلی نے اپنی تنخواہوں میں کیا ہے۔ انھو ں نے کاکہ تمام مسائل کا علاج اسلامی نظام ہے ،قوم آئندہ نسلوں پر رحم کرے اور ظلم و جبر کرپشن سے پاک پاکستان بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ٹرین مارچ کے ذریعے ہم عوام سے مخاطب ہورہے ہیں ، ٹرین مار چ کے بعد 29 مئی کو چترال جا وٴں گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ نئے کارآمد TORs بنائے جائیں اور با اختیار عدالتی کمیشن کو تحقیق کرنے ، سزا دینے کا اختیار دیا جائے ، سیاست میں جن لوگوں نے غبن رشوت چوری ڈکیتی اور لوٹ مار کی ہے ان پر پابندی عائد کرنے اور انہیں اڈیالہ جیل بھیجا جانے کا اختیار دیا جائے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اصل دشمن وہ استحصالی عناصر ہیں جو کرپشن کر رہے ہیں اور عوام کو بد حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے نظریاتی سرحدوں کو کمزور بنا دیا ہے، ملک سے جاسوس پکڑے جا رہے ہیں۔

سی پیک کے اعلان کے بعد ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے نواز شریف ناکام ہو چکے ہیں، کرپٹ قیادت ملک کے مسائل کو حل نہیں کر سکتی ، کرپٹ ملکی قیادت سے چھٹکارا پانا ضروری ہو چکا ہے ۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باب الاسلام سندھ کے باشندوں نے سراج الحق کی قیادت میں کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا والہانہ خیرمقدم کر کے کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک میں شامل ہونیکا مظاہرہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت گرمی کے باوجود شاہ لطیف کی دھرتی وادی مہران سندھ کے عوام نے ٹرین مارچ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ہے،دیگر صوبوں کی طرح انشاء اللہ سندھ کے عوام بھی کرپشن کے خلاف سراج الحق کی قیادت میں جاری مہم کا کرپشن کے خاتمہ تک ساتھ دیتے رہیں گے۔ٹرین مار چ کے قائدین کو لوگوں کی بڑی تعداد نے رخصت کیا۔ اس موقع پر ریلوے اسٹیشن کی فضاء نعروں سے گونج اٹھی، ریلوے اسٹیشن کو خیرمقدمی نعروں کے رنگ برنگے بینرز پوسٹرز اور پرچموں سے سجایا گیا تھا۔

کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کا خیرپور،گمبٹ،رانی پور،سٹھارجہ،محرابپور،بھریاروڈ،پڈعیدن،باندھی،نواب شاہ،شہدادپور،ٹنڈوآدم،حیدرآباد،کوٹری،لانڈھی اورکراچی کینٹ اسٹیشن پہنچنے پر زبردست استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ30 مئی سے تحریک کا نیا مرحلہ شروع کریں گے، پاکستان کے تمام آرگنائزیشن کا جرگہ اسلام آباد میں بلایا گیا ہے ، انشاء اللہ 30 تاریخ کو نوجوانوں کے نیشنل جرگہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔