3 جون تک تمام اضلاع میں رمضان بازار ہر صورت فعال ہونے چاہئیں، تمام رمضان بازاروں میں ڈیجیٹل کاؤنٹر واک تھرو گیٹ نصب ہوں گے، مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، پولیس، سول ڈیفنس کے اہلکار تعینات ہوں گے،

چھ مہینوں میں 12351 ناجائز منافع خور گرفتار اورتقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا،کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل

جمعہ 27 مئی 2016 19:48

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ 3جون تک تمام اضلاع میں رمضان بازار ہر صورت فعال ہونے چاہئیں، پرائس مجسٹریٹوں کی تعداد میں اضافہ کرکے اوپن مارکیٹوں میں قیمتوں کی چیکنگ رمضان المبارک سے پہلے ہی شروع کر دی جائے، لاہور ڈویژن میں قائم کیے جانیوالے 61 رمضان بازاروں اور سینکڑوں مدنی دستر خوانوں کیلئے سیکورٹی انتظامات کے علاوہ صفائی کا اعلیٰ انتظام ہونا چاہیے، دیگر ایجنسیوں کے علاوہ اضلاع اپنے طور پر غیر جانبدار تھرڈ پارٹی کے ذریعے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے معیار، دستیابی، قیمتوں اور اوزان کے حوالے سے ضرور چیکنگ کرائیں، لاہور میں رمضان بازار و مدنی دسترخوان بالترتیب 31 اور 275، شیخوپورہ 12 اور 28، ننکانہ صاحب 6 اور 20 اور ضلع قصور میں 12 رمضان بازار اور 57 مدنی دستر خوان قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے فعال ہونے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار کی کمشنر آفس ترسیل پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور رمضان بازاروں میں قائم شکایات سیل کے علاوہ تمام اضلاع ایک رابطہ نمبر شہریوں کو ضرور دیں اور روزانہ کی بنیاد پر شکایات کے اندراج اور ازالہ کے بارے میں مانیٹرنگ کرائیں۔ کمشنر نے کہا کہ امسال کے ابتدائی چھ مہینوں میں لاہور ڈویژن میں 12351 ناجائز منافع خور گرفتار جبکہ تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کی نگرانی کرے گی جبکہ لاہور میں تمام رمضان بازاروں میں ڈیجیٹل کاؤنٹر واک تھرو گیٹ نصب ہوں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار رمضان بازاروں اور رمضان پیکج و پرائس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، تمام ڈی سی اوز، تمام ڈی پی اوز، محکمہ خوراک، زراعت ، انڈسٹریز اور لائیو اسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔

ڈی سی او لاہور نے کہا کہ لاہور میں دستر خوانوں کی تعداد میں ابھی اضافہ کیا جائے گا ۔اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ 10 کلو کے آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ کی نسبت سبسڈی کے تحت تقریباً 150 روپے سستا مہیا ہوگا اور مرغیوں کے انڈے فی درجن 5 روپے اور چکن 10 روپے فی کلو کی کمی کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور رمضان بازاروں کیلئے سیکورٹی منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :