درجہ ایک سے چہارم تک کے ملازمین کے سروس سٹرکچرکی بحالی کے لئے احتجاجی مظاہر ہ

جمعہ 27 مئی 2016 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء)درجہ ایک سے چہارم تک کے ملازمین کے سروس سٹرکچرکی بحالی کے لئے احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا ۔ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف نے مطالبات کی منظوری کے لیے آوٴٹ ڈور سے ایم ایس آفس تک ریلی نکالی۔لاہور جنرل ہسپتال میں پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے احتجاجی ریلی کی قیادت صوبائی چئیرمین پیرامیڈیکل سٹاف ملک منیر نے کی، جبکہ ریلی میں مرکزی چیرمین پیرامیڈیکل الائنس یوسف بلا سمیت درجنوں پیرامیڈکس نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے آوٹ ڈور سے احتجاجی ریلی نکالی،ریلی کے شرکاء نے محکمہ صحت کے افسران کے خلاف نعرے بازی کی۔ملک منیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیرامیڈیکل سٹاف کا سروس سٹرکچر بحال نہ کئیجانے کیخلاف 30 مئی تک لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ درجہ ایک سے چہارم تک کے تمام ملازمین کا سروس سٹرکچر بحال کیا جائے،ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے جبکہ گریڈ 5 سے 17 تک کے ملازمین کو رسک الاوٴنس دیا جائے۔ مظاہرین نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 2 جون کو سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔