وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا 18ویں یوم تکبیر کے موقع پرپیغام اور قوم کو مبارکباد

جمعہ 27 مئی 2016 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور پوری قوم کیلئے یہ دن باعث مسرت و افتخار ہے کیونکہ اس دن اسلامی دنیا کے اس عظیم ملک نے تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی اوروزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں28مئی 1998 ء کو پاکستان کے اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے 18ویں یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر قومی امنگوں کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا تاریخ ساز دن ہے جب وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے اورپا کستان کو ایٹمی قوت بنا کراس کے دفاع کو ناقابل تسخیربنا یا اور آج کوئی بھی پاک وطن کے خلاف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کریڈٹ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز اور جرات مند قیادت کو جاتا ہے جنہوں نے اس ضمن میں تمام تر دباؤ کونظر انداز کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنا دیا ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو دہشت گردی و انتہا پسندی کے ناسور کا سامنا ہے لیکن پاکستانی قوم اس ناسور کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ایک صفحہ پر ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنا خون جگر دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاک فوج ، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور عام شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ا فواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمت و جرات کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں پرکاری ضرب لگائی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنانا ہو گا اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کا سفر جاری و ساری ہے جسے ہر قیمت پر مکمل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یوم تکبیر کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کر نا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت ، خود مختاری اور دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور پاک وطن کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہادیں گے۔ ہمیں آج اس عزم کا بھی اعادہ کر ناہے کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔