ایران کسی صورت طالبان کواپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا

گوادر اور چاہ بہار ایک دوسرے کی مخالف پورٹس نہیں ہیں- کلبھوشن یادیو کے ایران سے تعلق پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی۔ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا اسٹریٹیجک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹ میں سیمینارسے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 27 مئی 2016 19:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی۔2016ء) ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار ایک دوسرے کی مخالف پورٹس نہیں ہیں, ایران کسی صورت طالبان کواپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا-اسٹریٹیجک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹ اسلام آباد میں پاک ایران تعلقات پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار سسٹرز پورٹس ہیں ، چاہ بہار اب ایک بین الاقوامی پورٹ بن رہی ہے چاہ بہار میں دنیا کے متعدد ممالک کے لوگ آ کر کاروبار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی، ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے چار دن قبل ایران کی جنوبی بندرگاہ چاہ بہار کے حوالے سے تین طرفہ ٹرانزٹ معاہدہ کیا، معاہدے کے تحت ہندوستان، ایران میں بندرگاہ کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

(جاری ہے)

خطے میں کشیدگی کوخطرناک قرار دیتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرح ایران کو بھی دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے، دونوں ممالک کومنشیات کی لعنت کا مسئلہ بھی درپیش ہے، جس کے لیے ملکرکام کرناہوگا، خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

مہدی ہنر دوست نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران معاہدے پر قائم ہے، ایرانی گیس پاکستان کے لیے سستی ہے۔ پاکستان اور ایران نے 2009 میں پاک ایران گیس لائن معاہدے پر دستخط کیے تھے تاہم امریکا کی جانب سے ایران پر جوہری پابندی عائد ہونے کے بعد معاہدے پر عملدار آمد نہ ہوسکا، اب ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے پر پیش رفت ہوسکے۔

سیمینار سے خطاب میں ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ اس وقت ایران پاکستان کو 75میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے، مستقبل میں ایران پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ تک بجلی فراہم کرے گا۔انہوں نے عندیہ ظاہر کیا کہ پاک ایران مشترکہ اکنامک کمیشن کا اجلاس جلد ہوگا۔بلوچستان سے ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری پر پاکستانی میڈیا رپورٹس پر تنقید کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کے ایران سے تعلق پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی۔

مہدی ہنر دوست نے مزید کہا کہ اس طرح کی خبریں پھیلا کر ایرانی صدرکے دورہ پاکستان کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ایران میں موجودگی کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کسی صورت طالبان کواپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران خود طالبان کی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، طاالبان نے ماضی میں ایرانی سفارت کاروں کو قتل کیا، طالبان کو بعض عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے ایرانی سفیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :