انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے‘سید ممتاز عالم گیلانی

قانون ساز اداروں کی تشکیل نو کی بنیاد ایک ووٹ ہے جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں‘سابق وفاقی وزیر

جمعہ 27 مئی 2016 17:55

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) سابق وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق سید ممتاز عالم گیلانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،قانون ساز اداروں کی تشکیل نو کی بنیاد ایک ووٹ ہے جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ان خیالا ت کااظہارانہوں نے ڈیولوشن ٹرسٹ فار کمیونٹی ایمپاورمنٹ اور ڈسٹرکٹ الیکٹرولر ریفارمز گروپ کے زیر اہتمام انتخابی اصلاحات کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر متنازعہ ہونا چاہئیے جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی برابری کی سطح پر ہو ۔

سابق تحصیل ناظم سید قلند حسنین شاہ نے کہا کہ الیکشن کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جسے اسکی پوری شکل میں بااختیار اور با وسائل ہونا چاہئیے۔

(جاری ہے)

حلقہ بندیوں اور پولنگ سکیم میں پسند نہ پسند اور سیاسی مداخلت ختم ہونی چاہئیے۔تحریک انصاف کے رہنماء سید احمد ندیم زمان شاہ اور سکندر فیاض بھڈیرا نے کہا کہ انتخابات بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ہونے چاہئیں اگر موجودہ انتخابی سسٹم کو درست نہ کیا گیاتو عوام کا انتخابی عمل سے اعتبار اٹھ جائے گا۔

جماعت اسلامی کے رہنماء سید اسد اللہ شاہ،مسلم لیگ(ن) کے رہنماء رضوان ارشد،سماجی کارکنان محمد فضل گجر،رانا مبشر،ڈاکٹر عظیم عامر پادری اور ساجن بھاٹیہ نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔انتخابی عمل کے دوران کیمپیئن کے نام پر کروڑوں روپے کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے سیاسی رشوت کے طورپر استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر جنید پیرزادہ ،ڈسٹرکٹ کنوینیئر طاہر کریم خان،ممبران طارق حفیظ ،عمران یعقوب شیخ نے کہا کہ ڈی ٹی سی ای نے موجودہ لوکل باڈیز الیکشن کا نہ صرف سروے کیا بلکہ انتخابی عمل اور پولنگ سکیم کے حوالے سے پائی جانیوالی بے ضابطگیوں کو نمایاں کیا ۔پورے ملک سے موصول ہونیوالی رپورٹس کی صورت سفارشات مرتب کر کے قانون ساز اداروں کو ارسال کی گئیں جن پر کچھ حد تک عملدرآمد ہوتا نظر آرہا ہے۔تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات ،خواتین ،صحافیوں ،تاجرو ں اور لوکل باڈیز الیکشن میں حصہ لینے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :