لیسکو چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وفاقی حکومت اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے درمیان اختلافات

جمعہ 27 مئی 2016 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )کے چیف قیصر زمان کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وفاقی حکومت اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے درمیان اختلافات سامنے آگئے، وفاقی اور صوبائی حکومت توسیع دینے پر بضد ہے جبکہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بعد وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈاگا نے بھی توسیع کی مخالفت کر دی ، معاملے کا حتمی فیصلہ کرنے کے لئے 31مئی کو دوبارہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ لیسکو چیف قیصر زمان کی مدت ملازمت31مئی 2016ء کو پوری ہو رہی ہے تاہم وفاقی اور صوبائی حکومت ماہ رمضان اور موسم گرما میں لیسکو چیف کو تبدیل نہیں کرنا چاہتی ۔

(جاری ہے)

حکومت کا موقف ہے کہ لیسکو بجلی کی سب سے بڑی تقسیم کار کمپنی ہے لہٰذا ماہ رمضان اور موسم گرما میں عوام کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے موجودہ صورتحال میں لیسکو چیف کی تبدیلی کسی صورت بھی ٹھیک نہیں ہو گی ۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ بااثر سیاسی شخصیات بھی لیسکو چیف کو توسیع دینے کی حمایت کر رہے ہیں ۔دوسری طرف چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر مصدق ملک لیسکو چیف کو ناقص کارکردگی کی بنیا دپر توسیع دینے کیخلاف ہیں اور جب بورڈ کے اجلاس میں لیسکو چیف کو توسیع دینے کی بات کی گئی تھی تو انہوں نے اس کی مخافت کرتے ہوئے مسترد کر دیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈاگا بھی لیسکو چیف کی توسیع کی حمایت کر رہے تھے لیکن اپریل میں کمپنی کے لائن لاسز مزید ایک فیصد بڑھنے کے بعد انہوں نے بھی اپنے ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں اور وہ بھی قیصرزمان کو توسیع دینے کے معاملے کی مخالفت کرتے نظر آرہے ہیں ۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو چیف قیصر زمان کی توسیع کے حتمی فیصلے کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 31مئی بروز منگل کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت چیئرمین مصدق ملک کریں گے جبکہ تمام ممبران اہم اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ توسیع کا نوٹیفکیشن ہونے کے باوجود چارج دینے کا فیصلہ اجلاس میں ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :