ایلسٹرکک کو 10000ٹیسٹ رنز بنانیوالا پہلا برطانوی بیٹسمین بننے کےلیے 20 رنز درکار

جمعہ 27 مئی 2016 13:00

ایلسٹرکک کو 10000ٹیسٹ رنز بنانیوالا پہلا برطانوی بیٹسمین بننے کےلیے ..

چیسٹرلی سٹریٹ ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) انگلش ٹیم کے کپتان اور سٹار اوپننگ بلے باز ایلسٹرکک کو ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 20 رنز درکار ہیں، کک یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بن جائیں گے، اس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز پانے والے کم عمر بلے باز بن جائیں گے، اس سے قبل کم عمری میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل تھا جنہوں نے 31 برس اور 327 دنوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، اس کے علاوہ کک ڈیبیو سے تیز ترین وقت میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا راہول ڈریوڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے، ڈریوڈ نے 11 برس اور 280 دنوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

(جاری ہے)

کک نے 2006ء میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے اب تک 127 میچز میں 9980 رنز بنا رکھے ہیں اور انہیں دس ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 20 رنز کی ضرورت ہے اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کر لیں گے۔ کک نے 28 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔