بی سی سی آئی نے دورہ زمبابوے کیلئے سنجے بانگر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

جمعہ 27 مئی 2016 12:34

بی سی سی آئی نے دورہ زمبابوے کیلئے سنجے بانگر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دورہ زمبابوے کے لیے سنجے بانگر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سنجے بانگرکو دورہ زمبابوے کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے جو 8 جون سے شروع ہوگا۔بھارتی ٹیم زمبابوے کے دورے میں ہرارے کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

بی سی سی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ آبھے شرما کو ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقررکیا گیا ہے بھارت بورڈ نے ٹیم کے دورے کیلئے انتظامی حوالے سے بڑی تبدیلیاں کی ہیں جس میں سابق کرکٹر اور آندھرا پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے زونل سیکرٹری کوکا رمیش کو انتظامی منیجر بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے اپنے ایک بیان میں راہول ڈریوڈ کو بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے بہترین امیدوار قرار دیا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے 2011 میں جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن کی کوچنگ میں ون ڈے کی عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد زمبابوے کے ڈنکن فلیچر 2011 سے 2015 تک ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے تھے۔بی سی سی آئی نے سابق کرکٹر روی شاستری کو2015 میں ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا جس کے بعد وہ کوچ کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے تاہم وہ اپنا معاہد پورا کر چکے ہیں جس کے بعد ٹیم کیلئے مستقل ہیڈ کوچ کا انتخاب نہیں کیا گیا۔بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے سنجے بانگر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں کنگز الیون پنجاب کے کوچ تھے جہاں ان کی ٹیم سب سے زیادہ 10 شکستوں کے ساتھ آخری نمبر پر ہے ‘آئی پی ایل کا فائنل اتوار 29 مئی کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔