فائنل میں حریف کوئی بھی ہوا شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرینگے، ویرات کوہلی

جمعہ 27 مئی 2016 11:14

فائنل میں حریف کوئی بھی ہوا شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرینگے، ..

بنگلور ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) انڈین پریمیئر لیگ کے نویں ایڈیشن کی فائنلسٹ ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ فائنل میں انکی حریف کوئی بھی ٹیم ہوئی اس کو شکست دیکر آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور فائنل کھیلنے کیلئے بے تاب ہے۔

اس سے قبل رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم آئی پی ایل میں دو مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے اور دونوں مرتبہ وہ رنراپ رہی ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی پی ایل 2009ء کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا تاہم اسکو فائنل میں دکن چارجرز کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری مرتبہ آئی پی ایل 2011ء میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تاہم اس میں بھی اسکو چنائی سپر کنگز کے ہاتھوں 58 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ حریف کوئی بھی ٹیم ہوئی انکی ٹیم اس کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ٹائٹل جیتے گی۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کے نویں ایڈیشن میں ویرات کوہلی نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت کئی اعزاز اپنے نام کرلئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ اس مرتبہ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرلے گی۔