ایس آئی یو نے دو کروڑ روپے تاوان کی خاطر اغواء کئے گئے سات سالہ بچے کو بغیر تاوان دئیے بحفاظت بازیاب کرا لیا

جمعرات 26 مئی 2016 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء ) اسلام آباد سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو ) نے دو کروڑ روپے تاوان کی خاطر اغواء کئے گئے سات سالہ بچے کو بغیر تاوان دئیے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔مغوی بچے کو دو روز قبل تھانہ شمس کالونی کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا۔اس سنگین وقوعہ میں ملوث تین ملزمان کو خیبر پختونخواہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کو تھانہ شمس کالونی مین سٹریٹ سیکٹر ایچ 13 کیپیٹل ہومزاسلام آباد سے سات سالہ بچہ ابوبکر ولد محمد شفیع اغوا ء ہو گیا تھا ۔دوسرے دن بچے کے قریبی رشتہ دار کوفون کال موصول ہوئی جس میں ملزمان کی طرف سے دو کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا گیا ۔تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ نمبر 65/16 مورخہ 24.05.2016 بجرم 365-A درج رجسٹر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مقدمہ کی سنگین نوعیت کے ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے بچے کی باحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد الیاس ملک کی سربراہی میں ایس پی محمد عامر نیازی ،ایس ایچ او شمس کالونی خالد محمود اعوان،اے ایس آئی سلمان شاہ اور ہیڈ کنسٹیبل ظہور پر مشتمل سپیشل انوسٹی گیشن پولیس ٹیم تشکیل دی ۔

پولیس ٹیم نے تما م تر ذاتی و سرکاری وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ایک ہی دن میں اغواء کار کو ٹریس کرلیا۔سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کو نوشہر ہ بھیجا گیا جنہوں نے سم فراہم کرنے والے ملزم سمیت دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔بچے کو بغیر تاوان ادا کئے باحفاظت بازیاب کرلیا گیا ہے ۔جبکہ پولیس ٹیم نے حراست میں لئے گئے ملزمان کے انکشاف پر اغواء برائے تاون میں ملوث ایک اور ملزم کو اکوڑہ خٹک سے گرفتار کر لیا ہے ۔

اس اغواء برائے تاوان کے مقدمہ ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم چھاپے مار رہی ہے ۔مزید تفتیش جاری ہے ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس طار ق مسعود یٰسین اور ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔