پاکستان دنیا بھر میں ہلال گوشت برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ،ڈاکٹر فرخ جاوید

کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت 2سالوں میں نیدرلینڈ سے باہمی تجارت میں 20فیصد اضافہ ہوا صوبائی وزیرز راعت کا نیدرلینڈ کے سفارتخانہ اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام زرعی ٹریڈ کانفرنس سے خطاب

جمعرات 26 مئی 2016 22:39

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین تجارتی تعلقات میں گزشتہ دو سالوں میں گرمجوشی کے باعث باہمی تجارت میں 20فیصدسے زائد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت رواں سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈ کو اعلیٰ معیار کے باسمتی چاول ، آم اور کنو برآمد کر رہا ہے جس میں اضافے کی بہت گنجائش موجود ہے۔وزیر زراعت نے کہا کہ نیدرلینڈ زرعی مصنوعات برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جس کی زرعی میدان میں جدید تحقیق سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ کی پیدوار کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے اس لیے ہالینڈ پاکستان میں دودھ کے پراسیسنگ پلانٹ لگا کر دونوں ملکوں کے مابین اشتراک میں اضافہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہالینڈ سے آئے کاروباری حضرات کی توجہ پاکستان سے ہلال گوشت درآمد کرنے کی جانب دلائی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے مقامی ہوٹل میں نیدرلینڈ کے سفارت خانے اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اشتراک سے منعقدہ زراعت و لائیوسٹاک ٹریڈ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیدرلینڈ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل انٹرپرائزاور ٹریڈ مشن کے سربراہ رینے وان ہیل،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آمنہ چیمہ، صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد،ڈی جی زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی، نیدرلینڈ سے آئے نوزرعی کمپنیوں کے ذمہ داران اور پاکستانی زرعی شعبے سے منسلک کاروباری افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کانفرنس سے خطاب میں نیدرلینڈ سے آئے ٹریڈ مشن کے سربراہ رینے وان ہیل کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈ پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ میں زرعی شعبے میں اشتراک کے بیش بہا مواقع موجود ہیں جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب کی کاروبار دوست پالیسیوں کی تعریف کی اور پنجاب کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب نیدرلینڈ کیساتھ باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم اپنی زرعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے کوشاں ہیں۔