ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ کی جنوبی افریقہ کے نیول اورنیشنل ڈیفنس فورس کے چیف سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پائے جانے والے تعاون پر تبادلہ

جنوبی افریقہ کی دفاعی اوربحری قیادت کی خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں پاکستان نیوی کے کردار اور کوششوں کی تعریف

جمعرات 26 مئی 2016 22:39

کیپ ٹاؤن /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے جنوبی افریقہ کی نیوی کے چیف وائس ایڈمرل ایم ایس ہلونگوسے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پائے جانے والے تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم او ر کار کردگی پر روشنی ڈالی،پاک بحریہ کے سربراہ نے جنوبی افریقہ کے چیف آف دی نیشنل ڈیفنس فورس جنرل سولی زچاریہ شوک اورایئر فورس کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فیبین مسیمینگ سے بھی ملاقاتیں اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ جو ان دنوں جنوبی افریقہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے جنوبی افریقہ کے نیول چیف وائس ایڈمرل ایم ایس ہلونگوانے سے ملاقات کی ۔ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ کی جنوبی افریقہ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پرجنوبی افریقہ کی نیوی کے چیف وائس ایڈمرل ایم ایس ہلونگوانے نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کو اعزازی سلامی پیش کی گئی ۔اپنے ہم منصب سے ملاقات کے دوران ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پائے جانے والے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جس میں کمبائنڈ میری ٹائم کمپین پلان میں شمولیت اور بحری قزاقی کو روکنے کے آپریشنز شامل ہیں میں پاکستان کے عزم او ر کار کردگی پر روشنی ڈالی۔

جنوبی افریقہ کے نیول چیف نے کثیرالملکی ٹاسک فورسز۔150اور151کی کمانڈ ز کے دوران پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ امور اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ نے جنوبی افریقہ کے چیف آف دی نیشنل ڈیفنس فورس جنرل سولی زچاریہ شوک اورایئر فورس کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فیبین مسیمینگ سے ملاقات بھی کی۔چیف آف دی نیشنل ڈیفنس فورس سے ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعلقات کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے چیف آف دی نیشنل ڈیفنس فورس نے خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں پاکستان نیوی کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ امید کی جاتی ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ کے اس دورے سے دونوں ممالک اور بالخصوص دونوں ممالک کی نیول فورسز کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :