سکا ٹ لینڈ یارڈکی 5 رکنی ٹیم کی عمران فاروق قتل اور ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کی تکمیل کے بعد واپسی

جے آئی ٹی کا غیرملکی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون ،منی لانڈرنگ کیس میں سکاٹ لینڈ یارڈ کو دستیاب شواہد فراہم ، برطانوی پولیس کی بھی جے آئی ٹی کو عمران فاروق قتل کیس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 26 مئی 2016 22:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) سکاٹ لینڈیارڈ کی پانچ رکنی ٹیم ڈاکٹر عمران فاروق قتل اور ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات مکمل کرکے واپس چلی گئی ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی نے عمران فاروق قتل کیس میں غیرملکی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں بھی سکارٹ لینڈکو دستیاب شواہد فراہم کئے گئے ہیں۔

سکا ٹ لینڈیارڈ کی ٹیم نے جے آئی ٹی کو بھی عمران فاروق قتل کیس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق عمران فاروق قتل اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے لئے آنے والی 5رکنی سکارٹ لینڈ کی تفتیشی ٹیم واپس برطانیہ چلی گئی ہے۔پاکستان میں قیا م کے دوران غیر ملکی تفتیشی ٹیم نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں،جے آئی ٹی نے عمران فاروق قتل کیس کی اب تک کی تفتیش سے سکارٹ لینڈ کی ٹیم کو آگاہ کیا اور ملزمان کے اعترافی بیانات کی کاپیاں بھی فراہم کیں۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی کی طرف سے سکارٹ لینڈ کو درکار تمام شواہد فراہم کئے گئے ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں بھی غیر ملکی تفتیشی ٹیم کو دستیاب شواہد فراہم کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سکارٹ لینڈ کے تفتیش کاروں نے عمران فاروق قتل کیس میں جے آئی ٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کرائم سین سمیت تمام بنیادی شواہد فراہم کرنے کا کہا ہے۔واضح رہے کہ جے آئی ٹی برطانیہ کا دورہ کرے گی اس دوران عمران فاروق قتل کیس کی سازش میں مینہ طورپر شریک الطاف حسین ،محمد انور،افتخار حسین اور موقع کے گواہوں کے بیانات بھی ریکار ڈ کئے جائیں گے جبکہ عمران فاروق کی اہلیہ کا بیان بھی قلمبند ہوگا۔

جے آئی ٹی نے دورہ برطانیہ کی منظوری کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھ رکھا ہے وزیرداخلہ کی منظور ی کے ساتھ ہی جے آئی ٹی کے ارکان برطانیہ روانہ ہوجائیں گے۔