Live Updates

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے عوامی تحریک کا 17 جون کو مال روڈ پر دھرنے کا اعلان

دھرنے کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے، ضلعی حکومت کو آگاہ کر دیا، تمام جماعتیں شریک ہوں گی 2سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، عوامی تحریک کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے عمران خان، سراج الحق، راجہ ناصر عبا س و دیگر مرکزی رہنماؤں کو دعوت دے دی

جمعرات 26 مئی 2016 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس میں 17 جون کو مال روڈ لاہور پر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیااور بتایا کہ دھرنے کی قیادت سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کرینگے ۔مال روڈ پر احتجاج کے حوالے سے ڈی سی او لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

تروایح اور سحری بھی مال روڈ پر ہوگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائیگا۔دھرنے میں شرکت کیلئے عمران خان، سراج الحق، راجہ ناصر عبا س ،صاحبزادہ حامد رضاو دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو دعوت دے دی ہے۔پریس کانفرنس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، فیاض وڑائچ، نوراﷲ صدیقی، ساجد بھٹی ،جواد حامد ،جی ایم ملک ،راجہ زاہد و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈاپور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کو بتائیں گے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے کوئی ڈیل کی ،نہ دیت قبول کی اور وہ قصاص کیلئے پہلے کی طرح آج بھی پرعزم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دو سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا،پنجاب حکومت نے جعلی جے آئی ٹی بنا کر شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون ہضم کرنے کی ناکام کوشش کی،انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف نے ایف آئی آر درج کروائی، انصاف بھی دلوائیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہا درست ثابت ہوا کہ موجودہ قاتل حکمرانوں کے ہوتے انصاف نہیں ملے گا،انسداد دہشتگردی کی عدالت میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے خلاف پولیس کے جھوٹے چالان کے تحت کارروائی ہورہی ہے جبکہ شہداء کی طرف سے درج ہونے والی ایف آئی آر پر دو سال گزر جانے کے بعد بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ ہم نے طویل انتظار کے بعد استغاثہ دائر کرنے کا قانونی حق استعمال کیا جو ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے اور استغاثہ کے حوالے سے چشم دید آئینی گواہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اپنی شہادتیں قلمبند کروا رہے ہیں۔

اس وقت 30 چشم دید زخمی گواہ اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کے دن سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری اپنے کارکنوں کے ہمراہ مال روڈ پر ہونگے۔ پنجاب اور دیگر صوبوں سے بھی کارکنان انصاف کیلئے مال روڈ پر جمع ہونگے۔ ہم پرامن لوگ ہیں،امید ہے حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔

اگر رکاوٹ بنی تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم، وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ پنجاب ،وزیر قانون، آئی جی پنجاب ہونگے جن کے ہاتھ پہلے ہی بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور انہوں نے ابھی اس خون کا حساب دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاع کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس باقر نجفی کے خلاف پنجاب حکومت کے خلاف رپورٹ دینے پر وفاقی حکومت کارروائی کروانے کی سازشوں میں مصروف ہے،ہم سمجھتے ہیں حکمرانوں نے اگر اس قسم کی سازش کو عملی جامہ پہنایا تو انہیں پانامہ لیکس سے بڑے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم صفائی پسند لوگ ہیں مال روڈ کی صفائی کا خیال رکھیں گے’’ہمارا ایجنڈا ہی صفائی ہے‘‘ ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات