والوز آپریشن میں رخنہ ڈالنے والوں کیخلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مدد لی جائیگی ،مصباح الدین فرید

پانی کی فراہمی میں شہر کے کسی علاقے کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دینگے،جاوید ناگوری /لیاری سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کی ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات

جمعرات 26 مئی 2016 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) شہر میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم میں واٹربورڈ سے بھر پور تعاون کیا جائے گا ،پانی کی فراہمی میں ہم شہر کے کسی بھی علاقے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے،یہ بات رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری ،نامزد یوسی نائب چیئرمین ملک فیاض نے لیاری سے تعلق رکھنے والے منتخب یوسی چیرمینوں اور وائس چیرمینوں کے ساتھ ایم ڈی واٹربورڈ سے خصوصی ملاقات میں کہی جو لیاری اور ملحقہ علاقوں میں پانی اور سیوریج کی صورتحال میں بہتری کیلئے کی ،ملاقات ایک اجلاس کی شکل اختیار کرگئی جو 3گھنٹے سے زائد جاری رہی ،اس دوران منتخب نمائندوں نے اپنے حلقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے تفصیلاً ایم ڈی واٹربورڈ کو آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات لیاری سمیت شہرکے تمام علاقوں میں پانی کی صورتحال بہتر بنانا چاہتے ہیں اس سلسلے میں وہ وقتاً فوقتا ً شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرتے رہتے ہیں ،لیاری میں پانی اور سیوریج کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ ہفتے علاقے کا دورہ کریں گے اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ ہوٖں گے ،امید ہے کہ جلد لیاری و ملحقہ علاقوں میں پانی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی، منتخب نمائندوں کی شکایات پر منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فریدنے کہا کہ شہر میں والوز آپریشن میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لی جائے گی ، صوبائی وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر لیاری سمیت شہر بھر میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات جاری ہیں ، بلالحاظ شہر کے کونے کونے تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ، واٹربورڈموسم کی حدت میں اضافے اور پانی کی کمیابی کے باوجود شہر کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ واٹربورڈ صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے خصوصی اقدامات کررہا ہے اس سلسلے میں واٹربورڈ کے انجینئرز اور افسران شبانہ روز خدمات انجام دے رہے ہیں شہر کے تمام اضلاع میں پانی اور سیوریج کی صورتحال پر ہماری نظر ہے ،واٹربورڈ کا عملہ مصروف عمل ہے انہوں نے اس موقع پر موجود سپرنٹنڈنگ انجینئر ظفر پلیجو ، آفتاب چانڈیو سمیت دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ پانی و سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے لیاری کے منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہیں اپنی استعداد کار بڑھادی جائے اور لیکیج سمیت پمپنگ اسٹیشنوں کی کارکردگی پر کڑی نگاہ رکھی جائے،جہاں ضروری ہو پمپس کی فوری مرمت کرائی جائے،شہر میں پانی کے ناٖغے کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور اس پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے ،پانی کی فراہمی میں ہم شہر کے کسی بھی علاقے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے،جہاں ضروری ہو وہاں لائنوں کی صفائی اور لیکیجز کا خاتمہ کیا جائے نیز والوز آپریشن میں حائل سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے ایم ڈی واٹربورڈ نے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلعی دفاتر میں پابندی سے بیٹھیں اور دفاتر کے باہر آفس میں بیٹھنے کے اوقات آویزاں کئے جائیں ،منتخب نمائندوں سے ہر صورت تعاون کیا جائے انہوں نے کہاکہ دھابیجی اور پپری پمپنگ اسٹیشن کراچی کو پانی فراہم کرنے والے اہم پمپنگ اسٹیشن ہیں کے پمپس کی مرمت تقریباً مکمل ہوچکی ہے جس سے کراچی کو پانی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے توقع ہے کہ کراچی اور حب میں بارشوں کے بعد پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی ، اجلاس میں دیگر کے علاوہ لیاری کی مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین جن میں ملک فیاض ، احمد گھانچی ، حمید جت ،فضل الرحمٰن عثمان عطاری ،حاجی عبدالمجید ، محمد ہاشم ، ابراہیم گل ، شاہد حسین بلوچ ، اور ستار چیئرمین شامل ہیں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :