پنجاب10کروڑ سے زائد عوام کا صوبہ ہے، ترقی کا محور صرف لاہور کا ہونا درست نہیں‘ محمود الرشید

وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی دور کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کریں

جمعرات 26 مئی 2016 21:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائدحزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ پنجاب10کروڑ سے زائد عوام کا صوبہ ہے، ترقی کا محور صرف لاہور کا ہونا درست نہیں، وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی دور کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کریں، جنوبی پنجاب کو لاہور سے زیادہ صاف پانی، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، پلوں، سڑکوں، میٹرو بس اور اور نج ٹرین جیسے منصوبوں کی ضرورت ہے۔

حکومت نے بجٹ میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا تو اسمبلی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز او کا ڑ ہ میں صحافیوں اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

میاں محمود ا لر شید نے کہا کہ صوبے میں مساوی ترقی چاہتے ہیں، ایسا مناسب نہیں کہ حکومت تمام صوبائی وسائل صرف لاہور پر خرچ کر دے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تعلیمی بجٹ میں اضافہ اور قومی آمدن کا پانچ فیصد تعلیم کیلئے مختص کیا جائے۔

ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم، نصاب تعلیم رائج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں اور کاشتکاروں کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیں گے ، حکومت فی الفور زرعی پالیسی کا اعلان کرے اور کسانوں کو بجلی، ڈیزل، زرعی ادویات و آلات پر سبسڈی دے۔ صحت سے متعلقہ سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ حکومت صحت کے معاملے میں اتنی غیر سنجیدہ ہے کہ صوبے کا کوئی وزیر صحت ہی نہیں، یہی وجہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت ابتر سے ابتر ہوتی چلی جا رہی ہے، مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں، ایک ایک بیڈ پر چار چار مریض لیٹے ہیں یہاں تک ایمرجنسی میں مریضوں کو ویل چیئر اور زمین پر طبی امداد دی جاتی ہے لیکن حکومت سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پرائمری ہیلتھ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اسی میں صحت کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔