مذہبی و سیاسی جماعتوں کا امریکی دھمکیوں اور ڈرون حملوں کے خلاف (کل )ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان

لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، ملتان،پشاوراور کوئٹہ سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ریلیاں نکالی جائیں گی امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ڈرون حملے کر رہا ہے ‘مولانا سمیع الحق،حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمان مکی و دیگر کی گفتگو

جمعرات 26 مئی 2016 20:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اوررہنماؤں نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ڈرون حملے کر رہا ہے ،امریکی دھمکیوں اور ڈرون حملوں کے خلاف آج (جمعہ )کو ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا،جماعۃالدعوۃ کی طرف سے لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، ملتان،پشاوراور کوئٹہ سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور جلسوں ، کانفرنسوں و سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا،لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں ہو گا،علمائے کرام خطبات جمعہ میں امریکی دھمکیوں اورڈرون حملوں کوموضوع بنائیں گے‘عوام الناس کواسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا جائے گا اور مذمتی قراردادیں پاس کی جائینگی۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق،جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمان مکی،حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیا ء اﷲ شاہ بخاری،مولانا امیر حمزہ،قاری محمد یعقوب شیخ،مولانا یوسف شاہ ودیگرنے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرون حملوں کے خلاف ہونیوالے احتجاجی مظاہروں اورریلیوں میں بھرپورانداز میں شرکت کریں تاکہ دنیاکوپیغام دیا جائے کہ پوری قوم حملوں کیخلاف ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ڈرون حملے روکنا انتہائی ضروری ہیں۔

جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان میں ڈرون حملے شروع کئے اور ان حملوں کیلئے اس خطہ کا انتخاب کیا جہاں وہ اس جنگ کو مستقل رکھنا چاہتا تھا۔ امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کی ایجنسیاں بھی اس سازش میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہیں۔

ان حملوں کے ذریعہ پاکستان کے امن کو برباد کرنے کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ہماری یہ سب باتیں درست ثابت ہو گئی ہیں۔ ا ن حالات میں کہ جب افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات درست سمت میں جارہے تھے‘ امریکہ نے ڈرون حملے کر کے ایک بار پھر اپنی اصل پوزیشن واضح کر دی ہے اور کھل کر پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔جماعۃالدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا کہ ڈرون حملے ہمارے ملک کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہیں ،کلمہ طیبہ کے نام پر بنائے گئے ملک کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔

وطن عزیزپاکستان کے دفاع کے لئے باہمی اتحاد ویکجہتی کے ساتھ ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ پاکستانی حکمران امریکہ و بھارت کے ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ امریکا کی جانب سے پاکستان میں مزید حملوں کی دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں۔جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ آج جمعہ کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے ذریعہ دنیا پر ثابت کریں گے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے اورملکی سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی ، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیا ء اﷲ شاہ بخاری،جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ،قاری محمد یعقوب شیخ،مولانا یوسف شاہ اور حافظ خالد ولید نے کہا کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں۔ امت مسلمہ اس وقت سخت امتحانات اور آزمائشوں سے دوچار ہے مایوس وپریشان ہونامسئلہ کا حل نہیں ہے۔ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم احتجاج کے دوران ملک بھر میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ ڈرون حملوں کے ذریعہ کی جانے والی دہشت گردی کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکے۔