جماعت اسلامی کرپشن ، فرقہ پرستی اور موروثی سیاست کاخاتمہ چاہتی ہے‘ذکر اﷲ مجاہد

عوامی طاقت کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی کے خواہاں ہیں‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعرات 26 مئی 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن ، فرقہ پرستی اور مورثی سیاست کاخاتمہ چاہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے’’کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ‘‘لاہور سے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو کاروبار بنانے والوں سے نجات وقت کی اہم ضرورت ہے، جماعت اسلامی ایک بڑے مقصد کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ اسی سلسلہ کی کڑی ہے لہذا عوام کو مثبت تبدیلی اور کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لیے ساتھ دے ۔

ہمارا مقصد اﷲ کی زمین پر اﷲ کے نظام کو نافذ کرنا ہے اور معاشرے میں پائی جانے والی ہر طرح کی خرافات کا خاتمہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم عوامی طاقت کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور پاکستان کو مدینے جیسی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ تمام مسائل حل ہوجائیں اور پاکستان دنیابھر کے ممالک کے لیے ایک مثال بن جائے۔جماعت اسلامی کا مشن ملک کو اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان بنانا ہے۔

موجودہ ناکام نام نہاد جمہوریت نے لوگوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا ہے ۔ ملکی و قومی وسائل پر چند خاندانوں نے قبضہ کررکھا ہے ملک میں اس وقت حقیقی جمہوریت نہیں بلکہ خاندانی آمریت قائم ہے قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی شدید مشکلات اور مسائل میں گھرا ہوا ہے جس کا کو ئی پرسان حال نہیں لوگوں کو دو وقت کی روٹی کے لیے سخت محنت اور دشواری کا سامناہے ۔ لا قانونیت ،بے روز گاری ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، غربت سے تنگ لوگ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں غریبوں کو نمائشی منصوبوں سے غرض نہیں بلکہ انھیں پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے دو وقت کی روٹی اور امن و امان کی ضرورت ہے ۔