نادرا نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا

پہلے مرحلے میں بلوچستان،فاٹا ، دوسرے میں خیبرپختونخوا ، تیسرے میں سندھ ،چوتھے میں جنوبی پنجاب میں تصدیق عمل کیا جائے گا ذمہ داران کا تعینکا لائحہ عمل تیار نہ ہو سکا، 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے جلد ہی ذمہ داران کا تعین کا طریقہ تیار کر لیا جائیگا،ترجمان

جمعرات 26 مئی 2016 19:34

نادرا نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 مئی۔2016ء) نادرا نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے لئے روڈ میپ تیار کر لیا ۔ جعلی شناختی کارڈز کے اجراء کے ذمہ داران کے تعین کا لائحہ عمل تیار نہ ہو سکا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ نادرا نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خا کی ہدایت پر ملک بھر میں شناختی کارڈز کی تصدیق کے لئے روڈ میپ تیار کر لیاہے جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ان علاقوں سے تصدیق کا عمل شروع کیا جائے گا جن علاقوں میں زیادہ سے زیادہ مشکوک افراد کے شناختی کارڈز کا معاملہ سامنے آیا ہے اس لئے نادرا کے تیار کردہ روڈ میپ کے مطابق پہلے مرحلے میں بلوچستان اور فاٹا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا ، تیسرے مرحلے میں سندھ اور چوتھے مرحلے میں جنوبی پنجاب اور آخری مرحلے میں بالائی پنجاب کے علاقوں میں تصدیق عمل کیا جائے گا تاہم نادرا کی جانب سے تیار کردہ لائحہ عمل کی حتمی منظوری وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ہی دیں گے وزیر داخلہ چودھری نثار نے نادرا کو ملک بھر میں شناختی کارڈز کی تصدیق کرنے کے علاوہ جعلی شناختی کارڈز بنانے کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دیا تھا تاہم نادرا نے تاحال ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ ہمیں 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے جلد ہی جعلی شناختی کارڈز کے اجراء کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے بھی روڈ میپ تیار کر لیا جائے گا جب ( SOP) ایس او پی تیار کی جائے گی تو ذمہ داران کا تعین بھی کیا جائے گا تاہم ملک بھر میں مرحلہ وار طریقے سے شناختی کارڈز کی تصدیق کی جائے گی واضح رہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد اس کے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حوالے سے معاملات سامنے آنے پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ملک بھر کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے اور جعلی شناختی کارڈ کے خاتمے کے علاوہ جعلی شناختی کارڈز کے اجراء کے ذمہ داران کے تعین کا حکم جاری کیا تھا وزیر داخلہ نے اس حوالے سے یہ بھی ہدایت جاری کی تھی کہ جعلی شناختی کارڈز کے خاتمے اور ذمہ داران کے تعین کے لئے انٹیلی جنس ادارے بھی محکمہ نادرا کی مدد کریں گے ۔