توانائی اور ٹرانسمیشن لائنز پر عدم توجہ کے باعث پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے اور سی پیک سے پاکستان میں روشنیاں پھر بحال ہوں گی ،احسن اقبال کا نجی یونیورسٹی میں بیجنگ فورم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 26 مئی 2016 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی اور ٹرانسمیشن لائنز پر عدم توجہ کے باعث پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے اور سی پیک سے پاکستان میں روشنیاں پھر بحال ہوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی یونیورسٹی میں بیجنگ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے انہوں نے کہا کہ چین کے لوگوں کے لئے پاکستان دوسرا گھر ہے اس فورم کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ ہم پاکستان اور چین کی سفارتی دوستی کی 65 ویں سالگرہ منا رہے ہیں پاکستان اور چین کے تعلقات جیواسٹرٹیجک سے جیو اکنامک دور میں داخل ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں تبدیلی آ رہی ہیں اور دنیا کی نگاہیں ایشیاء پر ہیں ان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا اور اس منصوبے میں وسعت آ چکی ہے علاقائی رابطوں کے فروغ میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کا اہم کردار ہو گا اور اس حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کا راستہ روکنا ہو گا اور معاشرتی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں توانائی اور ٹرانسمیشن لائنز پر عدم توجہ سے توانائی بحران آیا ہے جس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے اور موجودہ حکومت کے درست معاشتی پالیسیوں کے باعث سال 2018 توانائی بحران کے خاتمہ کا سال ہو گا اسی طرح سی پیک توانائی بحران خاتمہ میں اہم کردار ادا کرے گا اور سڑکوں ، انفراسٹرکچر اور ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کر کے ملک کی تقدیر تبدیل کر دی جائے گی اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس کی یونیورسٹیوں میں ٹریننگ پر اجلاس ہوا ہے جس میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور پولیس کے اعلی آفسران نے شرکت کی ہے ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے پولیس ڈیپارٹمنٹ اور یونیورسٹیوں کو ساتھ مل کر تربیتی کورس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو کمیونٹی لیڈرز بنانے میں یونیورسٹیاں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنے کے لئے ٹریننگ کی ضرورت ہے اور سیف سٹی منصوبے کے لئے پولیس کے لوگوں کو جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کی تعلیم دی جانی چاہئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اصلاحات سے نہ صرف سوسائٹی میں مثبت نتائج نکلیں گے بلکہ ملک کی ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے گی