دورہ انگلینڈ سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا،اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کی میڈیکل رپورٹس غیر تسلی بخش قرار

پی سی بی کے ڈاکٹرز نے محمد حفیظ کو بحالی پروگرام میں شریک ہونے سے بھی روک دیا

جمعرات 26 مئی 2016 19:31

دورہ انگلینڈ سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا،اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کی میڈیکل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء)پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی انجری مزید طوالت اختیار کر گئی ہے جس کے سبب ان کی آئندہ ماہ قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ انگلینڈ کیلئے روانگی مشکوک ہو گئی ہے۔محمد حفیظ رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں انجری کا شکار ہوئے جو ورلڈ ٹی ٹوئنتی کے دوران بگڑ گئی اور انجری کے سبب وہ مکمل ایونٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

حفیظ کی تازہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان کے گھٹنے کی صورتحال تسلی بخش نہیں لیکن سلیکشن کمیٹی دورہ انگلینڈ کیلئے ان کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ٹیسٹ کی رپورٹس کے بعد کرے گی۔یاد رہے کہ بدھ کو چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کی سلسلے میں لگائے جانے والے اسکل کیمپ کیلئے 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا جس میں حفیظ کا نام بھی شام کیا گیا تھا لیکن چیف سلیکٹر نے واضح کیا تھا کہ ان کی کیمپ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

اسی انجری کے سبب حفیظ قومی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیئے کاکول میں فوج کی زیر نگرانی لگائے گئے فٹنس کیمپ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ذرائع کے مطابق حفیظ کی رپورٹس آنے کے بعد پی سی بی نے آل رانڈر کے ممکنہ متبادل کے نام پر بھی غور شروع کردیا ہے۔