چینی کمپنی نے فیکٹری کے 60 ہزار ملازمین کو فارغ کر کے ان کی جگہ روبوٹس سے کام لینا شروع کردیا

جمعرات 26 مئی 2016 15:20

بیجنگ ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء) چینی کمپنی فاکس کون نے اپنی فیکٹری کے 60 ہزار ملازمین کو فارغ کر کے ان کی جگہ روبوٹس سے کام لینا شروع کردیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک سرکاری افسر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کمپنی کی ایک فیکٹری میں ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے کم کر کے 50 ہزار کر دی گئی ہے ۔

فاکس کون ٹیکنالوجی گروپ نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ مینوفیکچرنگ سے متعلق بہت سے کاموں کو خودکار بنانے کی کوشش میں ہے۔ تاہم کمپنی نے اس بات سے انکار کیا کہ اس کا مقصد نوکریوں کو ختم کرنا ہے۔ بیان کے مطابق ہم روبوٹک انجینیئرنگ اور دیگر مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال بار بار ایک ہی طرح کے اس کام کو کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں جسے پہلے ملازم انجام دیا کرتے تھے اور مینیوفیکچرنگ کے عمل میں ڈیویلپمنٹ، پروسیس کنٹرول اور کوالٹی کنٹرول جیسی چیزوں کو بہتر بنانے کے لیے ہم انھیں ملازمین کو تربیت فراہم کر رہے ہیں تاکہ اس کا معیار بہتر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اپنے مینوفیکچرنگ آپریشن میں خود کاری اور مین پاور پر کنٹرول کے عمل کو جاری رکھیں گے، اور ہمیں امید ہے کہ چین میں ہم بڑی تعداد میں اپنی ورک فورس بھی قائم رکھ سکیں گے۔