رمضان بازاروں کو 14ہزار میٹرک ٹن سستی چینی کا کوٹہ جاری

جمعرات 26 مئی 2016 14:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 مئی۔2016ء)پنجاب کی 36 شوگر ملوں نے 330 رمضان بازاروں کیلئے 14,703 میٹرک ٹن چینی کی پہلی کھیپ روانہ کر دی ہے۔زرایع کے مطابق صوبہ بھر کے 36 اضلاع کو گزشتہ سال کی کھپت کی روشنی میں چینی کا کوٹہ جاری کیا گیا ہے ، سب سے زیادہ چینی لاہور ڈویڑن کے 4 اضلاع کو دی جائیگی جس میں ضلع لاہور کو 3,165 میٹرک ٹن، شیخوپورہ 380 میٹرک ٹن، قصور419 جبکہ ننکانہ صاحب کو 169 میٹرک ٹن چینی کا کوٹہ فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح بہاولپور ڈویڑن کے تین اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کیلئے 1,276 میٹرک ٹن چینی کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ باقی سات ڈویڑنوں میں ڈیرہ غازی خان کو 1,414 میٹرک ٹن، ملتان ڈویڑن کو 1,337 ، ساہیوال ڈویڑن کو 1,032 ، فیصل آباد 1,686 میٹرک ٹن، سرگودھا کیلئے 983 ٹن، گوجرانوالہ 1,984 میٹرک ٹن اور راولپنڈی کیلئے 858 میٹرک ٹن چینی کا کوٹہ جاری کیا گیا ہے۔آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سستے رمضان بازاروں کیلئے مجموعی طور پر20 ہزار ٹن چینی فراہم کرنے کی حامی بھری ہے جس کی دوسری قسط ضرورت پڑنے پر پنجاب حکومت کو فراہم کر دی جائیگی۔ واضح رہے کہ رمضان بازاروں میں یہ چینی ایک کلو اور دو کلو کی پیکنگ میں اوپن مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگی۔