رحیم یار خان،پولیس کی کارروائی، 4 رکنی گروہ گرفتار، چوری کی گئیں 5موٹر سائکلیں اور اسلحہ برآمد

جمعرات 26 مئی 2016 13:45

رحیم یار خان۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء) رحیم یار خان میں پولیس نے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے چوری کی گئیں 5موٹر سائکلیں اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔ ایس پی رحیم یار خان عرفان سموں نے موٹر سائکلیں مالکان کے حوالے کردیں ۔ اہلکاروں کو بھی انعام سے نوازا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے تھانہ سٹی خانپور کی حدود میں موٹر سائیکل چوری کرنے اور چھننے کی وارداتیں ہو رہی تھیں جس کے پیش نظر ڈی پی او ذیشان اصغر اور ایس پی انوسٹی گیشن عرفان سموں نے ان وارداتوں کا سد باب کرنے اور ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات دئیے جس پر ایس ڈی پی او خانپور جمشید علی شاہ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی خانپور انسپکٹر سیف اللہ خان کورائی کی زیر نگرانی ایک پولیس پارٹی تشکیل دی گئی جس میں سب انسپکٹر نذیر عباسی اور اے ایس آئی محمد آصف بھٹی و دیگر اہلکار شامل تھے ،جنہوں نے ایک 4 رکنی گروہ کا سراغ لگا کر اس میں شامل ملزمان سلطان عرف سلطانی پنوار ، اصغر بھٹی ، یسین ارائیں اور کاشف ارائیں کو گرفتار کر لیا جن سے تفتیش کی گئی اور ان کے انکشاف پر5موٹر سائیکلیں اور 2عدد پسٹل برآمد کر لئے گئے، جس پر ڈی پی او ذیشان اصغر نے پولیس پارٹی کو شاباش دی اور پھر موٹر سائیکل مالکان حافظ ظفر ترین ، پرویز احمد ، محمد عثمان ، امتیاز محی الدین اور محمد عمران کو ایس پی انوسٹی گیشن عرفان سموں نے ایس ایچ او سیف اللہ کورائی کے ہمراہ اپنے آفس میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں ان کے حوالے کردیں جس پر انہوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

ایس پی عرفان سموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او انسپکٹر سیف اللہ خان کورائی ، سب انسپکٹر نذیر عباسی اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد آصف بھٹی کو انعام و تعریفی اسناد سے نوازا ۔ دریں اثناء ایس ایچ او سیف اللہ خان کورائی نے کہا کہ انہوں نے بدنام زمانہ منشیات فروش ذوالفقار عرف ذلفی کو بھی 120 لیٹر شراب سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :