دھان کی پنیری کی کا شت 20 جون تک مکمل کرلی جا ئے،محکمہ زراعت

جمعرات 26 مئی 2016 13:23

لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء)دھان کے کاشتکار تینوں اقسام کی پنیری کی کا شت20جون تک مکمل کرلیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے دھان کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موٹی اقسام کے ایس 282،نیاب اری9،اری 6،کے ایس کے133،کے ایس کے434،نیاب2013اقسام کی پنیری کی کاشت 20مئی تا 7جون جبکہ وائے26،پرائیڈ1،شہنشاہ2،پی ایچ بی71، آرائز سوئفٹ اقسام کی پنیری کی کاشت 20مئی تا15جون تک مکمل کریں۔

اسی طرح پی ایس 2 ، پی کے 386، سپرباسمتی، باسمتی 385،باسمتی2000،باسمتی 515،باسمتی370،باسمتی پاک(کرنل باسمتی) باسمتی198کی پنیری کی کاشت یکم جون تا 20جون تک مکمل کریں۔ دھان کے بیج کی شرح اگاؤ معلوم کرنے کیلئے ذخیرہ شدہ بیج کی ہر لاٹ سے کم از کم 400 بیج لے کر 24 گھنٹے کیلئے پانی میں بھگو نے کے بعد انہیں گیلے کپڑے میں لپیٹ کر 36تا 48گھنٹے سائے میں رکھا جائے اور احتیاط کی جائے کہ یہ کپڑا مسلسل گیلا رہے۔

(جاری ہے)

دھان کی پنیری کی کاشت کے وقت شرح بیج اس کے مطابق استعمال کیا جائے۔ دھان کی ایک ایکڑ کی پنیری اگانے کیلئے اری اقسام کیلئے تر یا کدو کے طریقہ میں 6تا 7کلو گرام ،خشک طریقہمیں 8تا 10کلو گرام اورراب کے طریقہمیں 12تا15کلو گرام بیج استعمال کیا جائے۔ اس طریقہ کاشت میں دھان کی منظور شدہ اقسام کے بیج کو نمکین پانی میں بھگویا جائے۔ ناقص اور ہلکا بیج اوپر آجائے گا اسے نتھار لیا جائے اور بیج کو پانی سے دھوکر صاف کرلیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر پنیری کمزور ہو تو یوریا ایک پاؤ (250گرام) یاکیلشیم امونیم نائٹریٹ (400 گرام) فی مرلہ کے حساب سے چھٹہ دیا جائے اور کھاد کا چھٹہ لاب کی منتقلی سے تقریباً دس دن پہلے مکمل کیا جائے۔ اگر لاب لگانے کا رقبہ زیادہ ہو تو پنیری ہفتہ دس دن کے وقفہ سے قسطوں میں کاشت کی جائے ۔