کپاس کی فصل کو وائرس کے حملہ سے بچانے کیلئے حفا ظتی اقداما ت کرنے کی ہدایت

جمعرات 26 مئی 2016 13:16

فیصل آباد۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء)کاشتکاروں کوکپاس کی فصل کو وائرس کے حملہ سے بچانے کیلئے ابھی سے انتہائی نگہداشت اور جامع و مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار کپاس کی فصل کی بروقت کاشت اور پودوں کی فی ایکڑسفارش کردہ تعداد کو یقینی بنائیں نیز دیر سے کاشتہ کپاس کی فصل جولائی اور شروع اگست میں خشک گرمی اور سفید مکھی کے حملہ کی وجہ سے وائرس کی زد میںآ کر نا قابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکارکپاس کی فصل کوکاٹن لیف کرل وائرس کے موذی مرض سے بچانے کیلئے ابھی سے اقدامات شروع کردیں اور کپاس کی فصل کے کھیتوں، بنوں اور وٹوں پر موجود جڑی بوٹیوں کی تلفی اور میزبان فصلات سے سفید مکھی کے تدارک کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ سفید مکھی کاٹن لیف کرل وائرس کو پھیلانے کا بہت بڑا ذریعہ ہے جبکہ کپاس کے علاوہ یہ وائرس بہت سی دیگر متبادل فصلوں اور میزبان پودوں میں بھی پایا جاتا ہے اس لئے ان میزبان جڑی بوٹیوں کا مکمل تدارک بھی لازمی ہے۔