پاکستان کی باوٴلنگ بہترین ،مقابلہ دلچسپ ہوگا، کیون پیٹرسن

جمعرات 26 مئی 2016 12:28

پاکستان کی باوٴلنگ بہترین ،مقابلہ دلچسپ ہوگا، کیون پیٹرسن

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 مئی۔2016ء) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز کیون پیٹرسن نے پاکستان کو ہوم سیریز میں مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی باوٴلنگ بہترین ہے جس کے باعث مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ ایک انٹرویو میں انگلینڈ ٹیم سے باہر ہونے والے مایہ ناز بلے باز کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پاکستان کی طرح بڑا چیلنج نہیں ہے۔

کیون پیٹرسن نے رواں سال فروری میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی جہاں انھوں نے ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'آپ پاکستان کونظرانداز نہیں کرسکتے کیونکہ ان کی باوٴلنگ شاندار ہے'۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں ان میں سے کچھ کا سامنا کرچکا ہوں، میں نے دبئی میں پی ایس ایل میں شرکت کی اور ان کی ٹیم میں بہترین کھلاڑی ہیں'۔

(جاری ہے)

سری لنکا کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے دورے میں پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 88 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کے باعث ان کی ٹیم کو کمزور کہا جارہا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں 8 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز کہتے ہیں کہ 'امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے برعکس پاکستان کے ساتھ مقابلہ دلچسپ ہوگا لیکن جیت انگلینڈ کی ہوگی'۔انھوں نے انگلش ٹیم کے آل راوٴنڈر بین اسٹوکس کے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کو بڑا نقصان قرار دیا ۔

پاکستان کی باوٴلنگ بہترین ،مقابلہ دلچسپ ہوگا، کیون پیٹرسن