میں ریسلر نہیں لگتی اور مجھے اس کا ڈر تھا‘انوشکا شرما

جمعرات 26 مئی 2016 12:08

میں ریسلر نہیں لگتی اور مجھے اس کا ڈر تھا‘انوشکا شرما

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء)بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما جو سلمان خان کے ہمراہ فلم ”سلطان“ میں ایک ریسلر کا کردار کرتی نظر آئیں گی، کا کہنا ہے کہ فلم کے حوالے سے انھیں سب سے زیادہ خوف یہی تھا کہ وہ پہلوان نظر نہیں آتیں۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر انوشکا کا کہنا تھاکہ میں بہت پریشان تھی، ہمارے ذہن میں پہلوانوں کا تصور ہمیشہ سے ذرا مختلف ہوتا ہے اور میں پروڈیوسر ادتیہ چوپڑا سے اکثر سوال کرتی تھی کہ آخر مجھے پہلوان بنانے کا خیال انہیں کیسے آیا۔

انوشکا کا مزید کہنا تھا کہ لیکن جب میں نے اس حوالے سے ریسرچ کی تو مجھے معلوم ہوا کہ دنیا میں ایسے بہت سے ریسلر ہیں جو میری طرح نظر آتے ہیں، پھر میں نے ریسلنگ سیکھی اور مجھے خوشی ہے کہ میں فلم میں یہ کر پائی ہوں۔

(جاری ہے)

فلم سلطان میں انوشکا شرما نے عارفہ نامی ریسلر کا کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ انوشکا شرما اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ سلمان خان کے ہمراہ کام کرنے جارہی ہیں، اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم میں ان کی سلمان کے ساتھ آن اسکرین کیمسٹری کافی مختلف ہے، یہ فلم دو پہلوانوں کے بارے میں ہے اور فلم کا فوکس اس بات پر ہے کہ وہ زندگی میں آنے والی مشکلات کا سامنا کیسے کریں گے۔

انوشکا کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس فلم کے ساتھ ان کی کئی دلچسپ یادیں وابستہ ہیں اور وہ انہیں کبھی نہیں بھولیں گی۔فلم”سلطان“ رواں سال عید پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔