حکومت جان بوجھ کر پانامہ لیکس کی تحقیقات کے معاملے میں تاخیر ی حربے استعمال کررہی ہے‘سراج الحق

حکومت کو اپنی نااہلی اور ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرناہوگا،عوام موت کا انتظار نہ کریں، لٹیرے حکمران انہیں بھوک اور مفلسی کے حوالے کرناچاہتے ہیں ‘امیرجماعت اسلامی کا لاہورریلوے اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کے باہر جانے سے پورا نظام ڈسٹرب ہے ، حکومت جان بوجھ کر پانامہ لیکس کی تحقیقات کے معاملے میں تاخیر ی حربے استعمال کررہی ہے، کرپٹ لوگوں کو عبرت کا ایسا نشان بنائیں گے کہ ان کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی ، حکومت کو اپنی نااہلی اور ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرناہوگا، ہم اپوزیشن کا حصہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر جلد از جلد TORs کو حتمی شکل دیں اور ایسا بااختیار کمیشن بنایا جائے جو تحقیقات بھی کرے اور مجرموں کے خلاف حتمی فیصلے بھی کرے ، یہ کمیشن لٹیروں کی دولت کو بحق سرکار ضبط کرنے کا اختیار بھی رکھتاہو ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور سے شروع ہونے والے ٹرین مارچ کے لاہور ریلوے اسٹیشن پرپہنچنے پر استقبالی کارکنوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام موت کا انتظار نہ کریں ۔ لٹیرے حکمران انہیں بھوک اور مفلسی کے حوالے کرناچاہتے ہیں ۔ عوام خود کو ملک کی خدمت کے لیے وقف کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے اپنا نام زندہ کر لیں ۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر دیاہے اس لیے اب پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔ پانامہ لیکس نے پاکستان کو لوٹ کر بیرون ملک کمپنیاں بنانے والے کرپٹ حکمرانوں ، بیوروکریٹس اور سرمایہ داروں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے کہ ملک کے بچے تعلیم اور صحت جیسی سہولتوں سے محروم ہیں اور حکمران خود ملک سے باہر پیسہ منتقل کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ 20 کروڑ عوام کے روشن مستقبل کے لیے کرپٹ حکمرانوں سے نجات ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی مشرف حکومت کا تسلسل تھا ان کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں سب نے پاکستان کو جی بھر کر لوٹاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قائداعظم اور اقبال کے پاکستان کو بھوک اور جہالت کا پاکستان بنا رکھاہے ۔ قائداعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد دنیا میں اسلام کا دوسرا بڑا قلعہ اور مرکز ہوگا لیکن چوروں ، لٹیروں اور امریکی یاروں اور غداروں نے پاکستان پر قبضہ کر رکھاہے اور ملک کرپشن کی آماجگاہ بن چکاہے ۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ کرپٹ نظام اور کرپٹ دھڑوں کی جڑیں کاٹنے کے لیے عوام ٹرین مارچ کا ساتھ دیں ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ سراج الحق ملک کے پسے ہوئے لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امراء میاں محمد اسلم ، اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، نذیر احمد جنجوعہ ، امیر العظیم ، ذکر اللہ مجاہد اور قیصر شریف بھی موجو د تھے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے زندہ دلان لاہور کا ٹرین مارچ کے فقید المثال استقبال پر شکریہ ادا کیا ۔