وزیر اعلی کی زیرصدارت اجلاس ، زرعی پیکیج 2016 ء پر عملدرآمد کے لئے تجویز کردہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ

زراعت کی ترقی کے ساتھ چھوٹے کاشتکاروں کی مشکلات کم کرنا اور فی ایکڑ پیدار بڑھانا ہمارا مشن ہے ‘شہباز شریف کسان کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے، پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح پر خرچ کی جائے گی

بدھ 25 مئی 2016 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا-جس میں اجلاس میں زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے اعلان کردہ زرعی پیکیج 2016ء پر عملدرآمد کے لئے تجویز کردہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے - زرعی پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے کاشتکاروں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی گئی ہے - زرعی پیکیج کی پائی پائی کاشتکاروں کے فلا ح وبہبود پر خرچ کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے ساتھ چھوٹے کاشتکاروں کی مشکلات کم کرنا اور فی ایکڑ پیدار بڑھانا ہمارا مشن ہے - انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنا ہے اورچھوٹے کاشتکار کو اس کے پاؤں پر کھڑا کریں گے-ایسے اقدامات کئے جائیں گے جس سے چھوٹے کاشتکار کو براہ راست فائدہ پہنچے گا-انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے شعبہ توسیع و تحقیق کو فعال بناناہو گااورجعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ زرعی کمیشن کو مستقل ادارہ بنایا جائے گا - وزیر اعلی نے اس ضمن میں قانون سازی کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیکیج کے تحت تجویز کردہ اقدامات کو بھی جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے اورتجویز کردہ اقدامات پر عملدرآمد کے لئے موثر میکانزم بھی بنایا جائے- انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن انتظامی و مالی اقدام اٹھایا جائے گا- زراعت کو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے - کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان ترقی کرے گا- چھوٹے کاشتکار کی ترقی اور مفاد مقدم ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں - کسان پیکیج پر عملدرآمد سے زراعت فروغ پائے گی اور کسان کی حالت بہتر ہو گی- صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، بلال یاسین ، ڈاکٹر فرخ جاوید ، میا ں یاور زمان ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ملک آصف بھا، چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز صاحبان، زرعی ماہرین اور اعلی حکام نے اجلا س میں شرکت کی-