پیمرا نے صوبائی وزیر رانا مشہود کی اے آر وائی کے خلاف شکایت پر کارروائی آئندہ اجلاس تک موٴخر کر دی

بدھ 25 مئی 2016 22:40

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کی اے آر وائی کے خلاف شکایت پر کارروائی آئندہ اجلاس تک موٴخر کر دی ہے‘ اوراے آر وائی‘ سما ٹی وی اور 92 چینل کو الزامات کے دفاع میں وضاحت دینے کیلئے معمول کی نشریات کے دوران موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو پیمرا شکایات کونسل لاہور کے چئیرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت 62 واں اجلاس منعقد ہوا۔ کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر صغریٰ صدف، ڈاکٹر مبشر ندیم، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، افتخار احمد تارڑ، ممبران شکایات کونسل اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمن (ریجنل جنرل منیجر/سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہور خان کی اے آر وائی نیوز کے خلاف شکایت کی سماعت کی جس نے ان پر کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات عائد کئے۔

(جاری ہے)

مذکورہ چینل کی درخواست پر اسے اگلے اجلاس تک موٴخر کر دیا گیا۔ کونسل نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر/رجسٹرار، محترمہ دیپ سعیدہ، واپڈا اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے بالترتیب اے آر وائی نیوز، چینل - 92 اور سما ٹی وی کے خلاف دائر شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ چینلز کو شکایت کنندگان کو اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کے دفاع میں وضاحت دینے کیلئے مذکورہ چینلز پر معمول کی نشریات کے دوران موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کونسل نے قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے رائل ٹی وی کے خلاف دائر شکایت کی سماعت پر کارروائی مذکورہ چینل کو اگلے اجلاس تک جواب دائر کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے موٴخر کر دی۔ کونسل نے ایف ایم - 94 قصور کو ایک شہری کے خلاف ہتک آمیز ریمارکس نشر کرنے کی غلطی پر معافی نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔