اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے گرفتار ملزم درخواست ضمانت کی سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کردی

بدھ 25 مئی 2016 22:40

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے گرفتار ملزم معظم کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری کی سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر جسٹس نور الحق قریشی نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پاکستان میں اندراج مقدمہ کا مقصد کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹینڈنگ کونسل خواجہ امتیاز نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے، شواہد کا تبادلہ ہورہا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سکاٹ لینڈ یارڈ نے عینی شاہد لڑکی کا بیان قلمبند کیا ہے۔ کیا برطانیہ میں موجود دیگر گواہان کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں۔ سٹینڈ نگ کونسل نے بتایا کہ شواہد کا تبادلہ چار سے پانچ روز میں ہوجائے گا۔ اس موقع پر سٹینڈنگ کونسل نے مزید تیاری کیلئے مہلت طلب کرلی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردی۔