وزیر داخلہ کا نادرا کو تمام پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کاحکم، آئندہ 48گھنٹوں میں لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کئے جائیں،ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے،طالبان کمانڈر کی طرف سے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ کے استعمال کی خبروں سے دنیاکو یہ پیغام نہ دیاجائے کہ پاکستان کاشناختی کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے، نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے،چوہدری نثار کا اجلاس سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نادرا کو تمام پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے کا حکم دیتے ہوئے اڑتالیس گھنٹوں میں لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی اور کہاکہ غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کئے جائیں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت نادرا ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہو ا، طالبان کمانڈر ملااختر منصور کی طرف سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ استعمال کرنے کے دعوے پر تمام پاکستانی شہریوں کے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،چوہدری نثار نے غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے اڑتالیس گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دے دی انہوں نے کہا کہ لائحہ عمل کی منظوری کے بعد شناختی کارڈ کی تصدیق کے عمل کو شہریوں کے لئے آسان ہونا چاہیے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ طالبان کمانڈر کی طرف سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ استعمال کرنے کی خبروں سے دنیاکو پیغام نہ دیاجائے کہ پاکستان کاشناختی کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے بلکہ اقوام عالم کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی شناختی کارڈ کا حصول آسان نہیں انہوں نے کہا کہ نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے، نادرا سے ہر سطح پر کرپٹ عناصر کو نکالنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں پاکستانی شہریوں کے بلاک شناختی کارڈ کی شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے