سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ’’ موسم کی تبدیلی ‘‘ کا اجلاس ،چیف محکمہ جنگلات سندھ ریاض احمد کی کمیٹی کو بریفنگ

بدھ 25 مئی 2016 22:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ’’ موسم کی تبدیلی ‘‘ کا اجلاس بدھ کے روز چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر محمد یوسف بدینی کی صدارت میں نیو سندھ سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف محکمہ جنگلات سندھ ریاض احمد اور ڈائریکٹر سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نعیم احمد مغل نے تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ سندھ میں خطرناک حد تک آلودگی کی وجہ سے ساحلی علاقوں پر موجود مینگروز اور آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

بریفنگ میں قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان نے جو 2013ء میں گینز بک میں مینگروز کی کاشت کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا وہ آج تک برقرار ہے اور اس کی سب سے بڑی خوشی کی بات یہ بھی ہے کہ جو مینگروز لگائے گئے تھے ان میں 70 فیصد اب بڑے بھی ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹرز نے کہا کہ ہمیں اپنی ساحلی پٹی کی حفاظت کے لئے ہر سطح پر مل کر کام کرنا چاہئے اور سمندری مسائل کے حل کے لئے دریاؤں کا پانی مقررہ مقدار سمندر میں داخل کرنا بھی ضروری ہے تاکہ سمندر آہستہ آہستہ آگے بڑھ کر ہماری کاشت کاری کی زمینوں کو نہ کھا جائے۔

ارکان قائمہ کمیٹی نے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن اور محکمہ جنگلات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکول اور کالجوں کے بچوں مین بھی درختوں سے محبت کے لئے خصوصی پروگرام تشکیل دئیے جائیں تاکہ سب مل کر سر سبز پاکستان بناسکیں۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری موسم کی تبدیلی سید ابو احمد عاقب، سینیٹر ستارہ ایاز، سینیٹر سلیم ضیاء، سینیٹر نگہت مرزا، سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر سمینہ عابد، سینیٹر احمد حسن کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو رضوان میمن سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :