جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ مہم کے سلسلے میں کئے جانیوالے ٹرین مارچ کا قافلہ 27مئی کوٹنڈوآدم اسٹیشن پر پہنچے گا

بدھ 25 مئی 2016 22:31

ٹنڈوآدم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ مہم کے سلسلے میں کئے جانے والے ٹرین مارچ کا قافلہ 27مئی بروز جمعة المبارک شام 4بجے ٹنڈوآدم اسٹیشن پر پہنچے گا یہاں انکا والحانہ استقبال کیا جائیگا اور ٹنڈوآدم کے باشعور امن پسند محب وطن غیور عوام ثابت کردیں گے کہ وہ پاناما لیکس اور قومی دولت کو لوٹنے والے ظالمو ں کے خلاف متحد ہیں ظالم لوگوں نے اس ملک کے ساتھ انصاف نہیں کیا ناجائز ذرائع سے دولت کو بیرون ملک منتقل کرکے مملکت خداداد پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ ابو عامر انصاری،نائب امیر مشتاق احمد عادل اور ٹنڈوآدم کے امیر ابو اسرار احمد انصاری نے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوام کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کے لئے کبھی کچھ نہیں کیا صرف اپنے مقاصد پورے کئے اپنے کاروبارزمین جائیداد میں اضافہ کیا دوسری جانب غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر ان کے منہ سے انکے حلق کا نوالا بھی چھین لیا گیا ہے انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 27مئی کو سراج الحق کے استقبال کے پیغام کو ٹنڈوآدم کے کونے کونے میں پھیلائیں کیونکہ جماعت اسلامی ہی کی قیادت اور ممبران اسمبلی کرپشن سے پاک ہے اور وہی عوام کو انصاف دلا سکتے ہیں اور ظالموں کا گریبان پکڑ سکتے ہیں۔