فیصل آباد،ضلع بھر میں ماہ صیام کے دوران 200سے زائد افطار وسحر دستر خوان لگائے جائیں گے

بدھ 25 مئی 2016 22:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی فلاحی تحریک کے تحت مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع بھر میں ماہ صیام کے دوران 200سے زائد افطار وسحر دستر خوان لگائے جائیں گے اس سلسلے میں مختلف فلاحی تنظیموں،کاروباری وتجارتی اداروں اور اہل ثروت افرادکی جانب سے رجسٹریشن کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے مقررکردہ کوآرڈینیٹر برائے مدنی دستر خوان حاجی محمدنواز کی زیر صدارت ڈی سی او آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی۔

ڈی سی او سلمان غنی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹراعجازخالق رزاقی،اسسٹنٹ کمشنرز،ای ڈی او(زراعت) چوہدری عبدالحمید،ڈی ایف سی امجد مجید گوندل،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل اور دیگر افسران کے علاوہ مختلف مخیر افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

حاجی محمدنواز نے رمضان المبارک کی برکتوں اورفضیلتوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس ماہ میں مستحقین کے لئے سحری وافطاری کے انتظامات کرکے اللہ کی رضا اورڈھیروں اجر کمایا جاسکتا ہے لہذا ماہ صیام کے بابرکت لمحات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

انہوں نے فیصل آباد کے تاجروں،صنعتکاروں اوردیگر وسائل یافتہ افراد کی خداترسی کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیکی،فلاح اور دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں اور عام دنوں میں بھی ان کی طرف سے ہسپتالوں،ٹرانسپورٹ اڈوں اوردیگر اہم مقامات پر فی سبیل اللہ کھانوں کا بندوبست کیا جارہا ہے جو کہ عظیم نیک عمل ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ وہ مخیر حضرات کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات پیدا کریں تاکہ وہ سحر وافطار دستر خوان لگا کر احسن انداز میں عظیم فلاحی فریضہ انجام دیں سکیں۔

حاجی محمدنواز نے کہا کہ اجتماعی افطاریوں کی بدولت نیکی،ہمدردی،بھائی چارے اور اتحاد واتفاق کے جذبات کو فروغ ملتا ہے جن کا منظم انداز میں اہتمام ہونا چاہیے۔اس موقع پر ڈی سی او سلمان غنی نے بتایا کہ فیصل آباد کے تاجروں و صنعتکاروں میں فلاحی جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے اور وہ سحر وافطار دستر خوان لگانے کے لئے بھی پرعزم ہیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ تحصیل اورقصبوں کی سطح پر مخیر حضرات کو ترغیب دیں تاکہ وسیع پیمانے پر سحروافطار دستر خوان لگا کر مستحقین کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر اعجازخالق رزاقی نے مدنی دستر خوان کے حوالے سے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :