ڈاکٹر جمال ناصر کا امریکی ڈرون حملے سے پید اہونے والی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو جرتمندانہ اور دو ٹوک موقف پر خراج تحسین

بدھ 25 مئی 2016 22:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء ڈاکٹر جمال ناصر نے امریکی ڈرون حملے سے پید اہونے والی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے جرتمندانہ اور دو ٹوک موقف پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ‘ خود مختاری اور سالمیت کے بارے میں انہوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے جن حقائق کی نشاندہی کی ہے وہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں اور کسی بھی ملک کی خودمختاری کو اس طرح چیلنج نہیں کیا جاسکتا جس طرح پاکستان میں ملا منصور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ نے ڈرون حملے کو گہری سازش سے تعبیر کرکے معروضی حالات و واقعات کو مدلل انداز میں پوری تفصیل کے ساتھ دنیا پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے مذاکرات اور امن کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی اور مذاکرات کامیابی سے پائیدار امن کی راہ نکالی جاسکتی تھی لیکن امریکی کارروائی سے پاکستان کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب کے دوران افواج پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے دہشت گردوں کا راستہ روکنے کیلئے چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کی طرف سے اٹھائے گئے سخت اقدامات پر روشنی ڈالی اور یہ واضح کیا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن قائم کرنے اور دہشت گردی کی ہر کارروائی سے نمٹنے کیلئے تمام سیکیورٹی ادارے چوکس ہیں لیکن امریکہ کی جانب سے ہونے والی کارروائی نے پاکستان کے امن مشن کو نقصان پہنچا ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کھل کر پاکستان کے موقف کو واضح کیا ہے اور امریکی قیادت کو یہ باور کرایا کہ امن مذاکرات کی عین کامیابی کے وقت پہلے ملا عمر کے انتقال کی خبر لیک کی گئی اور اب ایک بار پھر ایک ایسے وقت میں تحریک طالبان کے سربراہ کو اس وقت ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ پاکستان میں تھے ایک سوچی سمجھی ۔

۔۔۔۔۔ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس میں پاکستانی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور کسی لگی لپٹی کے بغیر جس طرح پاکستان کی تشویش اور ردعمل کو امریکی قیادت تک پہنچایا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور پاکستان کے عوام ان کی دلیرانہ قیادت اور قائدانہ قومی کردار پر فخر کرتے ہیں