ٹرین مارچ بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، دردانہ صدیقی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 25 مئی 2016 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے، وطن عزیز اس وقت 70ارب ڈالر کا مقروض ہوچکا ہے، حکمران کی عیاشیوں کا بوجھ عوام کے ناتوان کاندھوں پر ہے، اس مسئلے کو جڑ سے نہ اکھاڑ پھینکا گیا توہم آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل فراہم نہیں کرسکیں گے، جماعت اسلامی اس ناسور کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہے، عظیم الشان ٹرین مارچ بدعنوانی سے پاک پاکستان کی جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی زیرقیادت کرپشن فری پاکستان تحریک کے سلسلے میں ٹرین مارچ کی تائید میں اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں جنم لینے والا بچہ ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض پیدا ہوتا ہے، عوام غربت، بے روزگاری، جہالت اور محرومیوں کی آگ میں جھلس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں نے آف شور کمپنیوں کے ذریعے اربوں ڈالر ملک سے باہر منتقل کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ان مظالم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا، اگر وہ چاہتے ہیں کہ انہیں ان کا حق ملے تومرد درویش سراج الحق کی بے باک اور شفاف قیادت میں گھروں سے نکلیں اور کرپشن فری پاکستان مہم کا حصہ بنیں‘کیونکہ ملک کو کرپشن سے پاک وہی قیادت کر سکتی ہے جس کا اپنا دامن بدعنوانی سے پاک ہو۔

متعلقہ عنوان :