وزیراعظم محمدنواز شریف اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں آنے والی حکومت مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کی ہو گی،مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر کے انتخابات کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، ٹکٹوں کیلئے مشاورتی عمل جاری ہے

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی کا مختلف اہم شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 22:06

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا منشور نہ کبھی کرپشن تھا اور نہ ہو گا، آزاد کشمیر میں آنے والی حکومت مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کی ہو گی، نئے شامل ہونے والوں کو احترام اور عزت دینا ہمارا فرض ہے، آزاد کشمیر میں دو جماعتوں کے درمیان ہونے والے اتحاد پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو دو بکروں کا صدقہ کرنا چاہئے، مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے انتخابات میں خرید و فروخت کا حصہ نہ بن کر اہم مثال قائم کی۔

وہ بدھ کو یہاں کشمیر ہاؤس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 کھاوڑہ مظفر آباد IV سے سادات برادری کے اہم رہنماؤں کی دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سیّد شوکت علی شاہ، سابق وزیر نورین عارف، ارشد غازی سمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شامل ہونے والوں میں مسلم کانفرنس کھاڑوہ کے جنرل سیکرٹری سیّد ممتاز نقوی ایڈووکیٹ، ٹرانسپورٹ یونین مظفر آباد کے صدر گلفراز شاہ، سیّد عالم نقوی، میجر (ر) خورشید شاہ کاظمی، فیض احمد گردیزی، نذیر شاہ کاظمی، سیّد سخاوت شاہ اور یاسر نقوی شامل تھے۔ سیّد ممتاز نقوی، سیّد بشیر حسین شاہ اور سابق وزیر راجہ قیوم نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹرآصف کرمانی نے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کیلئے سیاست کرتے ہیں، نواز شریف کی سیاست اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی ہے، اقتدار ان کی کبھی منزل نہیں رہی۔ انہوں نے محمد نواز شریف، مسلم لیگ (ن) اور اپنی جانب سے شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے درست وقت پر درست فیصلہ کیا ہے، آزاد کشمیر میں کونسل کے انتخابات میں سیاسی جماعتوں کا جو کردار سامنے آیا ہے اس سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، بدترین ہارس ٹریڈنگ کی گئی، مسلم لیگ (ن) کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ اس خرید و فروخت کا حصہ نہیں بنی، اس لئے کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں کبھی کرپشن تھی اور نہ ہو گی، گڈ گورننس اور جمہوریت ہمارا منشور ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کی آمد آمد ہے، گذشتہ پانچ ماہ میں بھمبر سے راولاکوٹ تک ورکر کنونشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 28 مئی کو مظفرآباد میں یوم تکبر ورکر کنونشن ہو گا، یہ دن پاکستان کی تاریخ میں کلیدی کردار کا حامل ہے جب 28 مئی 1998ء کو محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ اور تمام ترغیب و لالچ کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستان کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلوں میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔

اس روز چاروں صوبوں میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل ستائش ہے کہ آج جو لوگ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیں ان کا تعلق مظفر آباد سے ہے اور 28 مئی کو ہمارا ورکر کنونشن مظفرآباد میں ہی ہونا ہے۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو کہا کہ آپ کو احترام اور عزت دینا ہمارا فرض ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی جس میں نئے شامل ہونے والوں کا کردار اہم ہو گا، قائد پاکستان محمد نواز شریف کی ہدایت ہے کہ ورکروں کو ساتھ لے کر چلیں اور ان کا خیال رکھیں، آزاد کشمیر میں آنے والی حکومت مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کی ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر امریکی ڈرون حملہ کے بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بیان دے چکے ہیں، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی نہیں ہے، نواز شریف اپنے طبی معائنہ کیلئے بیرون ملک گئے ہیں، وطن واپسی پر اس حوالہ سے بات کریں گے۔ مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ پر دو کالے بکروں کا صدقہ دینا چاہئے، یہ اتحاد مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر میں مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پہلے ان کو ایک ایک کرکے شکست دیتے تاہم اب اکٹھے ہو کر بھی شکست ان کا مقدر بنے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، ان کی بڑی عرق ریزی کی گئی، پارلیمانی بورڈ نے ان کی مکمل چھان بین کی، مزید ایک آدھ اجلاس کے بعد ٹکٹوں کو حتمی شکل دے کر رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کر دی جائے گی جو ٹکٹوں کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی کسی بھی ٹکٹ کاکوئی فیصلہ نہیں ہوا، مشاورتی عمل جاری ہے۔