پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں مثال کی حیثیت رکھتے ہیں، پاک چین اکنامک کوریڈور پوری دنیا کیلئے مفید ثابت ہوگا

صدر مملکت ممنون حسین کی پیکنگ یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر زو شان لوکی زیرِ قیادت وفد سے ملاقات

بدھ 25 مئی 2016 22:06

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں مثال کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاک چین اکنامک کوریڈور پوری دنیا کیلئے مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں پیکنگ یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر زو شان لو کی زیرِ قیادت وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں پاکستا ن کے سابق سفیر برائے چین اور سٹرٹیجک سٹڈیز کے سربراہ مسعود خان بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بیجنگ فورم کے اجلاس کا انعقاد دونوں ملکوں کے درمیان بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بیجنگ فورم کی عملی سرگرمیوں میں میں دلچسپی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مستقبل میں تعلیم کے شعبہ میں تعاون بڑھے گا جس سے دنیا کی دیگر اقوام بھی استفادہ کر سکیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان علمی رابطے عالمی برادری کے مفاد میں ہیں، پاکستانی عوام پرخلوص دوستی پر یقین رکھتے ہیں، پاک چین اکنامک کوریڈور سے وسط ایشیاء کے ممالک بھی فائدہ اٹھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔